ٹرمپ نے لبنانی نژاد سمدھی کو مشیر عرب و مشرق وسطیٰ نامزد کردیا

0
15

واشنگٹن (پاکستان نیوز) نومنتخب صدر ٹرمپ نے لبنانی نژاد سمدھی کو مشیر عرب و مشرق وسطیٰ نامزد کر دیا ہے ، بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق مسعد بولس ٹرمپ کی بیٹی ٹفنی ٹرمپ کے سسر ہیں اور ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران متعدد عرب امریکی اور مسلم رہنماؤں سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں۔اس سے قبل ٹرمپ نے اپنے داماد جیرڈ کشنر کے والد چارلس کشنر کو فرانس میں امریکہ کا سفیر نامزد کیا تھا۔مسعد بولس نے حالیہ مہینوں میں لبنانی اور عرب امریکیوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ٹرمپ کی انتخابی مہم میں بھرپور کردار ادا کیا حالانکہ اس دوران امریکہ نے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف اسرائیلی فوجی کارروائی کی حمایت کی تھی۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق مسعد بولس کے لبنان اور امریکہ دونوں ممالک میں گہرے سیاسی تعلقات ہیں، ان کے والد اور دادا لبنانی سیاست کی نمایاں شخصیات تھے ۔لبنان میں سیاسی حلقوں کے ساتھ بھی مسعد بولس کے وسیع روابط ہیں، ان کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ لبنان کے مختلف سیاسی دھڑوں سے رابطے میں ہیں جو کہ ایک غیر معمولی بات ہے کیونکہ لبنان میں سیاسی جماعتوں کے درمیان دیرینہ اختلافات موجود ہیں۔حزب اللہ کے ساتھ مسعد بولس کے تعلقات بھی قابل ذکر ہیں۔لبنان میں صدارت کا عہدہ مسیحی امیدواروں کے لیے وقف ہوتا ہے اور حزب اللہ کے صدارتی امیدوار اس کے مسیحی اتحادی سلیمان فرنجہ ہیں جو مسعد بولس کے دوست ہیں، ساتھ ہی مسعد بولس کے رابطے حزب اللہ مخالف مسیحی جماعت ‘القوات البنانیہ’ کے ساتھ بھی ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here