ٹرمپ کاH1Bویزا پر ایک لاکھ تین ہزار ڈالر فیس عائد کرنیکی حتمی تجویز

0
10

نیویارک (پاکستان نیوز)امریکہ میں ملازمت کے حصول کی خواہش رکھنے والے غیر ملکی ماہرین اور تیکنیکی شعبے کے کارکنوں کے لیے مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے نئے ایچ ون بی ویزا کی درخواستوں پر ایک لاکھ تین ہزار دو سو پینسٹھ ڈالر کی بھاری اور مستقل فیس عائد کرنے کی حتمی تجویز پیش کر دی ہے۔ اس تجویز کو رواں سال کے اختتام تک حتمی قانونی شکل دیے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد امریکی کمپنیوں کو مقامی بنیادوں پر روزگار کی فراہمی کے لیے ترغیب دینا ہے، تاہم اس فیصلے نے بین الاقوامی سطح پر تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ اس اضافی اور بھاری فیس سے وہ غیر ملکی طلبہ مکمل طور پر مستثنیٰ ہوں گے جو پہلے سے امریکہ میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ موجودہ ایچ ون بی ویزا رکھنے والے افراد کو اپنی ویزا تجدید کے دوران یہ اضافی رقم ادا نہیں کرنا پڑے گی۔ اس نئی پالیسی سے قبل ایچ ون بی ویزا کی سرکاری فیس دو ہزار سے پانچ ہزار ڈالر کے درمیان تھی، مگر نئی فیس کے نافذ ہوتے ہی اخراجات میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا۔ امریکی چیمبر آف کامرس، مزدور تنظیموں اور دیگر مختلف فریقین نے اس قانونی ترمیم کو عدالتوں میں چیلنج کر دیا ہے۔ مخالفین کا موقف ہے کہ صدر کو امیگریشن قوانین کے تحت داخلے سے متعلق فیصلے کا حق تو حاصل ہے لیکن کانگریس کی منظوری کے بغیر ایسا مالی بوجھ عائد کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here