ٹرمپ اور میلونی کے درمیان فوٹو تنازع، ماہرین کا امریکہ کیلئے خطرات کی وارننگ

0
8

واشنگٹن (پاکستان نیوز) صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی کے درمیان حالیہ جی 7 سربراہی اجلاس کے دوران تصویر کھنچوانے کے دعوے پر پیدا ہونیوالا تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ اس سفارتی کھنچاؤ پر ریپبلکن اسٹریٹجسٹ ڈوگ ہائے نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے امریکہ اور اس کے عالمی اتحاد کے لیے ایک بڑا جوا قرار دیا ہے۔ تنزاعات اس وقت عروج پر پہنچے جب جارجیا میلونی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیا جس میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ اطالوی وزیر اعظم نے اجلاس کے دوران ان کے ساتھ تصویر کے لیے منت سماجت کی تھی۔ ڈوگ ہائے نے سی این این کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ تنازع انتہائی شرمناک ہے اور یہ ایک ایسے نازک وقت پر سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر، بالخصوص برطانیہ کی غیر مستحکم صورتحال اور ایران کے معاملات کے تناظر میں امریکہ کو اپنے اتحادیوں کو قریب رکھنے کی شدید ضرورت ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جارجیا میلونی کو ابتدا میں اٹلی کی میگا رہنما سمجھا جاتا تھا اور توقع تھی کہ ان کے ٹرمپ کے ساتھ تعلقات انتہائی دوستانہ رہیں گے، لیکن اب وہ بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے رویے سے تلخ حقیقت سیکھ رہی ہیں۔ ڈوگ ہائے کے مطابق ٹرمپ اپنے قریبی ساتھیوں کو کوئی فائدہ پہنچانے کے بجائے ان کے سیاسی نمبر کم کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ان اہم عالمی حالات میں جب دنیا کو استحکام کی ضرورت ہے، اپنے ہی قریبی اتحادیوں سے تعلقات بگاڑنا ایک خطرناک اور تشویشناک عمل ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here