10ارب ڈالر کے ہوم کیئر پروگرام میں سنگین مالی بے ضابطگیاں

0
6

نیویارک (پاکستان نیوز)امریکی محکمہ انصاف نے نیویارک کے کنزیومر ڈائریکٹڈ پرسنل اسسٹنٹ پروگرام میں بڑے پیمانے پر ہونے والے مبینہ فراڈ اور مالی بدعنوانی کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے وفاقی عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ اس مقدمے میں نیویارک کے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ، ریاستی میڈیکیڈ ڈائریکٹر امیر بسیری اور پروگرام کا انتظام سنبھالنے والی نجی کمپنی پبلک پارٹنرشپ ایل ایل سی کو باقاعدہ فریق بنایا گیا ہے۔ وفاقی محکمے کا الزام ہے کہ سالانہ 10 ارب ڈالر مالیت کے اس اہم سماجی و طبی منصوبے میں ٹیکس دہندگان کے فنڈز کا غلط استعمال کیا گیا اور عوام کو حقائق سے گمراہ کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ دستاویزی شواہد کے مطابق نجی کمپنی کو سال 2024 میں ایک ایسے بولی کے عمل کے ذریعے اربوں ڈالر کا معاہدہ سونپا گیا تھا جو شفافیت کے اصولوں پر پورا نہیں اترتا تھا۔ الزامات کے مطابق کمپنی نے طے شدہ شرائط سے تجاوز کرتے ہوئے لاکھوں ڈالر کا اضافی غیر قانونی منافع حاصل کیا جبکہ متعلقہ ریاستی حکام اس نقصان کو روکنے میں مکمل ناکام رہے۔ ??التی کارروائی کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ذمہ داران کو پہلے سے معلوم تھا کہ پروگرام کی منتقلی مقررہ وقت پر ممکن نہیں ہو سکے گی لیکن اس حقیقت کو قانون سازوں اور عوام سے پوشیدہ رکھا گیا۔ اس مجرمانہ غفلت کے باعث نہ صرف ہزاروں معذور اور خصوصی دیکھ بھال کے مستحق مریضوں کی نگہداشت شدید متاثر ہوئی بلکہ پروگرام سے متوقع مالی بچت بھی ختم ہو کر رہ گئی۔ محکمہ انصاف نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ان غیر قانونی مالی وصولیوں کو فوری طور پر روکا جائے اور پروگرام میں شفافیت لائی جائے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here