نیویارک (پاکستان نیوز)امریکہ کی سب سے بڑی قانونی تنظیم امریکن بار ایسو سی ایشن نے اسلامو فوبیا کیخلاف قرارداد منظور کر لی، قرارداد میں کانگریس اور اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ مسلم مخالف جذبات کے خلاف اسی طرح کے اقدامات کریں۔یہ قرارداد امریکن بار ایسوسی ایشن (ABA) کے ہائوس آف ڈیلیگیٹس نے8 اگست کو ایک سیشن کے دوران منظور کی جس میں متعدد نئی پالیسیوں اور قراردادوں کا جائزہ لیا گیا۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ امریکن بار ایسوسی ایشن ریاستہائے متحدہ میں وفاقی، ریاستی، مقامی، علاقائی اور قبائلی حکومتوں پر زور دیتی ہے کہ وہ اسلامو فوبیا کی مذمت کریں اور اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کریں اور ان پر عمل درآمد کریں۔قرارداد میں امریکیوں کو اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں آگاہی کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کے ساتھ ساتھ اسلامو فوبیا اور نفرت انگیز جرائم کے واقعات کی اطلاع دینے کے لیے نئے طریقوں کی سفارش کی گئی ہے۔قرارداد میں کانگریس سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر کی طرف سے اسلاموفوبیا کی نگرانی کے لیے محکمہ خارجہ میں ایک دفتر بنانے کے لیے اس بل کی حمایت کرے،مسلم تنظیموں نے برسوں سے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک میں اسلامو فوبیا کے مسئلے کا سراغ لگائے اور ایسا کرنے کے لیے اقوام متحدہ سے لابنگ بھی کی ہے۔رواں برس کے آغاز میں اقوام متحدہ نے “اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن” منانے کے لیے ووٹ دیا لیکن مارچ میں، ایک درجن سے زیادہ مسلم گروپوں کے اتحاد نے بین الاقوامی ادارے پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی سطح پر مسلم مخالف نفرت کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید اقدامات کرے۔پچھلی دہائی کے دوران، مغربی ممالک میں مقیم مسلم آبادیوں پر کئی بڑے حملے ہوئے ہیں، جن میں کیوبیک، کینیڈا کی ایک مسجد میں فائرنگ اور نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں اجتماعی فائرنگ شامل ہے جس میں 50 سے زائد مسلمان نمازی ہلاک ہوئے۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ کونسل آن امریکن-اسلامک ریلیشنز (CAIR) نے امریکہ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کے معاملات کا سراغ لگایا اور ان پر کام کیا ہے، تنظیم کے نیشنل ایڈورڈ احمد مچل نے کہا کہ ہم دنیا میں وکلا کی سب سے بڑی رضاکارانہ تنظیم اور ملک کی معروف قانونی ایسوسی ایشن کی طرف سے اسلامو فوبیا کے خلاف اس قرارداد کا خیرمقدم کرتے ہیں، اور ہم امید کرتے ہیں کہ قرارداد کے تجویز کردہ اقدامات کو ریاستی اور قومی پالیسی ساز اپنائیں گے۔