اسلام آباد(پاکستان نیوز)امریکا کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان کے دورے پر ہے، اس دوران سرمایہ کاری کے کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق امریکا کا اعلیٰ سطح کا سرمایہ کار وفد دو روزہ اہم دورے پر پاکساتن میں ہے، جس کی قیادت ٹیکساس ہیج فنڈ کے منیجر اور ٹرمپ خاندان کے قریبی بزنس پارٹنر جینٹری بیچ کر رہے ہیں۔نئی امریکی حکومت کے اقتدار سنبھالتے ہی سرمایہ کار وفد کا پاکستان آنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ امریکی وفد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری، معاشی اور دو طرفہ تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی۔اہم دورے کے دوران پاکستان اور امریکا کے درمیان سرمایہ کاری کے کئی معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔ وفد میں شامل اراکین بالخصوص جینٹری بیچ کی پاکستان آمد ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ جینٹری بیچ ٹرمپ خاندان کے انتہائی قریبی ساتھی اور صدر ٹرمپ کے گزشتہ انتخابی مقابلوں میں پیش پیش رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی امریکی حکومت آنے کے بعد کسی بھی امریکی وفد کا یہ پہلا دورہ ہے۔ نئی امریکی حکومت قائم ہونے کے کچھ ہی دن بعد امریکی سرمایہ کار وفد کی پاکستان آمد دونوں ملکوں کے درمیان معاشی دو طرفہ تعلقات آگے بڑھانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔