ثالثی مشن؛ شہباز شریف سعودیہ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران پہنچ گئے

0
12

جدہ (پاکستان نیوز) پاکستان کی سول اور عسکری قیادت اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام اور معاشی استحکام کیلئے انتہائی اہم سفارتی مشن پر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اپنے چار روزہ سہ ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جہاں جدہ ایئرپورٹ پر مکہ کے نائب گورنر اور اعلیٰ سعودی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس دورے میں ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سمیت ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے۔ وزیراعظم کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات طے ہے جس میں دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس دورے کا مقصد برادر ملک کے ساتھ معاشی تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک اہم وفد کے ہمراہ تہران پہنچے ہیں جہاں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ان کا استقبال کیا۔ یہ دورہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی جاری ثالثی کوششوں کا ایک تسلسل ہے۔ ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر واشنگٹن کا ایک اہم پیغام لے کر ایران پہنچے ہیں تاکہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے اگلے دور کے لیے راہ ہموار کی جا سکے۔ پاکستان حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر کروانے میں کلیدی کردار ادا کر چکا ہے اور اب اس عمل کو مستقل بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ یہ دونوں دورے پاکستان کی متحرک خارجہ پالیسی اور خطے میں امن کے لیے اس کے کلیدی کردار کی عکاسی کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ایک اہم ملاقات کی جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ تقریبا دو گھنٹے تک جاری رہنے والی اس طویل نشست میں دونوں رہنماؤں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال اور مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے حالیہ واقعات کے تناظر میں مملکت سعودی عرب کے لیے پاکستان کی مکمل یکجہتی اور غیر مشروط حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم نے ولی عہد کی بصیرت اور مثالی صبر و تحمل کی تعریف کی اور کہا کہ ان کی قیادت نہ صرف مملکت بلکہ خطے کے تمام امن پسند عوام کے لیے حوصلے کا باعث ہے۔ ملاقات کے دوران شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کی جانب سے جاری امن کوششوں سے متعلق اہم پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جن کے نتیجے میں امریکہ اور ایران کے مابین جنگ بندی ممکن ہوئی اور حال ہی میں اسلام آباد میں مذاکرات کا تاریخی دور منعقد ہوا۔ سعودی ولی عہد نے امن کے اس عمل میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تعمیری کردار کو خاص طور پر سراہا۔ دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے سعودی عرب کی مسلسل مدد پر شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے تحت مضبوط شراکت دار ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر مستقبل میں بھی قریبی تعاون جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here