ایران کوکسی بھی قیمت پر ایٹمی ہتھیار نہیں بنانے دینگے: ٹرمپ کا دوٹوک اعلان

0
20

واشنگٹن (پاکستان نیوز)ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ ایران ایک نئے معاہدے کے لیے شدید بے تاب ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ ایرانی حکام نے آج ہی امریکہ سے دوبارہ رابطہ کیا ہے۔ واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکہ ہر صورت ایران کا افزودہ یورینیم حاصل کر کے رہے گا اور اسے کسی بھی قیمت پر ایٹمی ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران کئی اہم نکات پر اتفاق ہوچکا ہے تاہم ایران اب بھی دو بنیادی شرائط ماننے سے ہچکچا رہا ہے جن میں یورینیم کی افزودگی مکمل طور پر بند کرنا اور ایٹمی ہتھیار نہ رکھنے کا تحریری عہد شامل ہے۔ خلیج فارس کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی صدر نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش کی دھمکیوں کو غیر دانشمندانہ قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز 34 بحری جہازوں نے اس آبی گزرگاہ سے سفر کیا جو حالیہ تناؤ کے بعد سے اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ صدر ٹرمپ نے مغربی اتحادیوں کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ صرف امریکہ ہی ایران کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہوا ہے جبکہ دیگر ممالک میں اتنی ہمت نہیں تھی۔ ایرانی بحریہ کی ناکہ بندی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ عمل شروع ہو چکا ہے اور اگرچہ کچھ ممالک نے اس مہم میں تعاون کی پیشکش کی ہے لیکن اب امریکہ کو ایران پر ممکنہ کارروائی کے لیے کسی دوسرے ملک کی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے دہرایا کہ ایران معاشی دباؤ کے باعث معاہدے کے لیے تیار ہے لیکن تہران کو ایٹمی پروگرام سے متعلق امریکی مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here