فوربز کی کامیاب ترین امریکی شخصیات کی فہرست؛اوپرا ونفری پہلی پوزیشن پر

0
12

لندن (پاکستان نیوز)فوربز میگزین نے اپنی تازہ ترین درجہ بندی میں ان دس نمایاں امریکی شخصیات کی فہرست جاری کی ہے جنہوں نے انتہائی کٹھن حالات، غربت اور سماجی رکاوٹوں کے باوجود اپنی محنت سے دولت، شہرت اور عالمی سطح پر اثر و رسوخ حاصل کیا۔ اس فہرست میں میڈیا کی معروف شخصیت اوپرا ونفری نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ اوپرا ونفری نے بچپن میں شدید مالی مشکلات اور ذہنی صدمات کا سامنا کرنے کے باوجود میڈیا کی دنیا میں وہ مقام بنایا جو آج ایک مثال بن چکا ہے۔ فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیرلڈ ہیم موجود ہیں، جو اوکلاہوما کے ایک غریب کسان گھرانے میں پیدا ہوئے اور بعد ازاں اپنی جدوجہد سے تیل کی صنعت کے بڑے تاجر بن کر ابھرے۔ تیسرا مقام ڈیوڈ اسٹیورڈ کو دیا گیا ہے، جنہوں نے نسلی امتیاز اور غربت کا مقابلہ کرتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ایک عظیم الشان کمپنی کی بنیاد رکھی۔ اسی طرح چوتھے نمبر پر ہنگری سے ہجرت کر کے امریکہ آنے والے تھامس پیٹر فی ہیں، جنہوں نے مالیاتی تجارت کے شعبے میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی۔ کھیلوں کی دنیا کے عظیم کھلاڑی لیبرون جیمز پانچویں نمبر پر ہیں، جنہوں نے غربت زدہ ماحول سے نکل کر باسکٹ بال کی تاریخ میں ارب پتی کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ چھٹا نمبر واٹس ایپ کے بانی جن کوم کا ہے، جنہوں نے ہجرت کے بعد ٹیکنالوجی کے میدان میں انقلاب برپا کیا۔ دیگر کامیاب شخصیات میں گلوکارہ ڈولی پارٹن، سابق صدر بل کلنٹن، تعمیراتی صنعت کی ڈائن ہینڈرکس اور معروف سیاستدان جے ڈی وینس شامل ہیں۔ یہ فہرست اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہے کہ پختہ عزم اور مستقل مزاجی سے نامساعد حالات کو بھی بڑی کامیابیوں میں بدلا جا سکتا ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here