کراچی دنیا کے سستے ترین شہروں میں شامل

0
125

نیویارک(پاکستان نیوز) دنیا بھر کے ممالک اور بڑے شہروں کی زندگی، وہاں کی بڑھتی قیمت، کاروبار، روزگار اور مالی مسائل پر نظر رکھنے والے عالمی جریدے نے ہر سال کی طرح اس سال بھی دنیا کے مہنگے اور سستے ترین شہروں کی فہرست جاری کردی۔ برطانوی مالی جریدے دی اکانامسٹ کے اکنامکسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی جانب سے دنیا کے مہنگے اور سستے ترین شہروں کی فہرست جاری کی گئی۔ 2021 کے اس مہنگے اور سستے ترین شہروں کی اس فہرست میں 173 شہروں کو شامل کیا گیا اور وہاں سے 50 ہزار اشیا اور سروسز کی قیمتوں کا ڈیٹا اگست اور ستمبر کے دوران جمع کیا گیا۔ اس سال کی فہرست میں عالمی معیشت پر کووڈ 19 کے اثرات کو بھی مدنظر رکھا گیا جبکہ 40 نئے شہروں کو بھی اس فہرست کا حصہ بنایا گیا۔ ادارے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 2021 میں اوسطا اشیا کی قیمتوں میں 3.5 فیصد اضافہ ہوا جو کہ گزشتہ 5 برسوں کے دوران سب سے زیادہ افراط زر ہے۔ ادارے کے مطابق ہم اس سال کی فہرست میں افراط زر کے اثر کو واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں، بالخصوص پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ بہت زیادہ نمایاں ہے جبکہ مرکزی بینکوں کی جانب سے شرح سوچ کو بھی بڑھایا جارہا ہے۔ اس فہرست کے دنیا کے 10 مہنگے ترین شہروں میں تل ایب نمبرون رہا۔ گزشتہ سال پیرس(فرانس اور زیورخ) (سوئٹزرلینڈ) مشترکہ طور پر دنیا کے مہنگے ترین شہر تھے مگر اس بار پیرس اور سنگاپور مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے۔ زیورخ، تیسرے، ہانگ کانگ چوتھے، نیویارک 5 ویں، جنیوا چھٹے، کوپن ہیگن 7 ویں، لاس اینجلس 8 ویں اور اوساکا 9 ویں نمبر پر مہنگے ترین شہر رہے۔ جہاں تک دنیا کے سستے ترین شہروں کی بات ہے تو مسلسل دوسرے سال یہ اعزاز شام کے دارالحکومت دمشق کے نام رہا۔ اس کے بعد دنیا کا دوسرا سستا ترین شہر لیبیا کا شہر تریپولی رہا جس کے بعد ازبکستان کا دارالحکومت تاشقند تیسرے نمبر پر رہا۔ تیونس کا دارالحکوت تیونس اور قازقستان کا شہر الماتے بالترتیب چوتھے اور 5 ویں نمبر پر رہے۔ اس سال بھی دنیا کے سستے ترین شہروں میں کراچی موجود ہے جو چھٹے نمبر پر موجود ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here