ورجینیا؛دو بچوں کے باپ کو ہلاک کرنیوالا پاکستانی ٹرک ڈرائیور داؤد حسین گرفتار

0
9

ورجینیا (پاکستان نیوز)پنسلوانیا میں اکتوبر 2023 میں پیش آنیوالے ایک ہلاکت خیز ٹریفک حادثے کے الزام میں پاکستانی شہری داؤد حسین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وفاقی حکام کے مطابق یہ گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب ملزم ورجینیا میں ایک انٹرویو کیلئے امیگریشن دفتر پہنچا جہاں اسے حراست میں لے لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اکتوبر 2023 میں داؤد حسین ایک بڑا تجارتی ٹرک چلا رہا تھا اور اس نے پنسلوانیا کی شاہراہ پر غلط سمت میں گاڑی ڈال دی تھی۔ ملزم کی گاڑی 44 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے مخالف سمت سے آنے والی ٹریفک کی جانب بڑھ رہی تھی جس کے نتیجے میں وہ میری لینڈ سے تعلق رکھنے والے ہینڈری نونیز کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ اس ہلاکت خیز تصادم کے بعد ہینڈری نونیز کی گاڑی سڑک سے نیچے گر کر ایک درخت سے جا ٹکرائی اور اس میں آگ لگ گئی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے شخص امریکی شہری اور دو بچوں کے باپ تھے۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حادثے کے وقت داؤد حسین امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم تھا اور اس کے پاس تجارتی ڈرائیونگ لائسنس کی اہلیت نہیں تھی۔ حکام نے اسے عوامی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے قتل بالسبب کے سنگین الزام کے تحت گرفتار کیا ہے اور وہ اس وقت مقدمے کی سماعت تک وفاقی تحویل میں ہے۔ اس واقعے کے بعد امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ نے کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے قواعد کو مزید سخت کر دیا ہے تاکہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو بھاری گاڑیاں چلانے سے روکا جا سکے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here