الہان عمر کے اثاثے 30 ملین سے گر کر چند ہزار ڈالرز رہ گئے، رپورٹ

0
6

نیویارک(پاکستان نیوز)مینیسوٹا سے تعلق رکھنے والی خاتون رکن کانگریس الہان عمر کے اثاثوں کی مالیت میں حیران کن کمی واقع ہوئی ہے جس کے بعد ان کے دفتر نے واضح کیا ہے کہ وہ لکھ پتی یا کروڑ پتی نہیں ہیں۔ وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق الہان عمر کی جانب سے جمع کرائے گئے ترمیمی مالیاتی گوشواروں میں ان کے گھریلو اثاثوں کی مجموعی مالیت اب صرف 18004 سے 95000 ڈالرز کے درمیان دکھائی گئی ہے۔ یہ اعداد و شمار گزشتہ برس کے اس دعوے کے بالکل برعکس ہیں جس میں ان کے اثاثوں کی مالیت 30 ملین ڈالرز تک بتائی گئی تھی۔ الہان عمر کی ترجمان جیکلن روجرز کا کہنا ہے کہ حالیہ ترمیم نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ وہ کسی بڑی دولت کی مالک نہیں ہیں۔ ان کے وکیل نے اخلاقیات کے دفتر کو لکھے گئے خط میں اس تضاد کی وجہ غیر ارادی اکاؤنٹنگ غلطی قرار دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ارکان پارلیمان اور ان کے شریک حیات عام طور پر پیشہ ورانہ ماہرین پر بھروسہ کرتے ہیں اور غلطی کا پتہ چلتے ہی اسے رضاکارانہ طور پر درست کر دیا گیا۔ اصل دستاویزات میں الہان عمر کے شوہر ٹم مینیٹ کی دو کمپنیوں کی مالیت لاکھوں ڈالرز ظاہر کی گئی تھی جن میں کیلیفورنیا کی ایک وائنری اور واشنگٹن کی ایک فرم شامل تھیں۔ تاہم نئی دستاویزات کے مطابق ان دونوں کمپنیوں کی خالص مالیت اب صفر بتائی گئی ہے کیونکہ ان پر واجب الادا قرضوں اور دیگر مالی ذمہ داریوں کو اثاثوں سے منہا کر دیا گیا ہے۔ اگرچہ امریکی ایوان میں مالیاتی گوشواروں کی درستی کوئی غیر معمولی بات نہیں لیکن الہان عمر کی دولت میں اس قدر بڑی کمی عوامی سطح پر بحث کا مرکز بن گئی ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here