اسلام آبا د (پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا میں تیل اور گیس کے وسیع ذخائر کی دریافت سے ملکی معیشت کے استحکام اور توانائی کے بحران کے خاتمے کی نئی راہوں کا تعینوزارت پیٹرولیم اور قدرتی وسائل کی جانب سے ضلع کوہاٹ میں واقع نشپہ بلاک سے تیل اور گیس کی ریکارڈ مقدار میں دستیابی کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے جس نے قومی توانائی کی تاریخ میں ایک نیا اور روشن باب رقم کر دیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے زیر انتظام بزگئی ایکس ون نامی کنویں سے ہونے والی اس نئی دریافت کو ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس ایک مقام سے یومیہ 15,005 بیرل خام تیل اور 45.36 ملین مکعب فٹ گیس کی پیداوار حاصل ہو رہی ہے جو ملکی مجموعی پیداوار میں 10 فیصد اضافے کا سبب بنے گی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس منصوبے کو ہنگامی بنیادوں پر قومی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے لیے ریکارڈ مدت میں 8 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھا دی گئی ہے تاکہ مقامی صنعتوں اور گھریلو صارفین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دریافت کے بعد پاکستان کے گیس کے ذخائر میں 26 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا ہے جو مستقبل میں توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ اس دریافت کی بدولت پاکستان کو سالانہ 329 ملین ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ بچانے میں مدد ملے گی جو اس سے قبل خام تیل کی درآمد پر خرچ کیا جاتا رہا ہے۔ متعلقہ حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اگلے دو برسوں کے دوران جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اس کنویں کی پیداواری صلاحیت کو 25,000 بیرل تیل اور 60 ملین مکعب فٹ گیس تک بڑھایا جائے گا جس سے ملکی معیشت کو مزید استحکام ملے گا۔












