عالمی طور پر عوامی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے ان ممالک میں لاکھوں افراد کی زندگیوں اور حقوق کی مدد کرنے کیلئے پابندیوں میں نرمی کی جانے چاہیے
نیویارک (پاکستان نیوز) اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی سربراہ مشیعل بیچلیٹ نے کرونا وبا سے پیدا صورتحال میں ایران جیسے ملک پر پابندیوں کا فوری ازسر نو جائزہ لینے کا مطالبہ کردیا تاکہ ان ملکوں کے طبی نظام کو مکمل تباہی سے بچایا جا سکے ، یو این ہائی کمشنر فار ہیو مین رائٹس مشیعل بیچلیٹ نے کہا اس اہم موقع پر عالمی طور پر عوامی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے ان ممالک میں لاکھوں افراد کی زندگیوں اور حقوق کی مدد کرنے کیلئے ان پابندیوں میں نرمی کی جانے چاہیے یا انہیں مکمل طور پرختم کر دینا چاہیے۔ بیچلیٹ نے کہا ایران کو کرونا نے بری طرح متاثر کیا اور وہاں دو ہزار کے قریب ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ بیچلیٹ کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ایران میں پہلے کرونا کیس کے سامنے آنے کے بعد سے پانچ ہفتوں میں وہاں میڈیکل عملہ کے 50 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، ایران کی وبا ہمسایہ ملکوں پاکستان اور افغانستان میں بھی پھیل رہی ہے ، اور ان ملکوں کے پہلے سے کمزور نظام صحت کو شدید متاثر کر رہی ہے ، انہوں نے کہا کیوبا، شمالی کوریا، وینزویلا اور زمبابوے میں بھی پابندیوں کو ختم یا نرم کرنا ہوگا۔