بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں کانگریس پارٹی حکومت کا خاتمہ ہو گیا

0
341

 

حکومت صرف 15ماہ چلی، کانگریس اور بی جے پی کے درمیان دو ہفتے کی رسہ کشی کے بعد کانگریس کو شکست کا منہ دیکھنا پڑ گیا

بھوپال (پاکستان نیوز) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی کمل ناتھ کے استعفے کے بعد ہی ریاست میں کانگریس پارٹی کی تقریباً پندرہ ماہ پرانی حکومت کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ریاست مدھیہ پردیش میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان تقریباً دو ہفتے کی سیاسی رسہ کشی کے بعد آخر کار کانگریس کو شکست ہوئی اور اس کی حکومت کا خاتمہ ہوگیا جبکہ بی جے پی ایک بار پھر سے اقتدار میں آنے کی تیاری میں ہے۔ ریاستی دارالحکومت بھوپال میں وزیراعلی کمل ناتھ نے ایک خصوصی پریس کانفرنس میں اپنے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے بھارتی جنتا پارٹی پر اپنی حکومت کے خلاف مسلسل سازشیں کرنے کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس ریاست کو ترقی کی راہ پرگامزن کرنے کی کوشش میں تھی اور بی جے پی کو اسی سے خوف تھا۔اس موقع پر انہوں نے اپنی پندرہ ماہ پرانی حکومت کی بہت سی خوبیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ ان کے پاس مطلوبہ ارکان کی حمایت نہیں ہے اس لیے وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہورہے ہیں۔ مدھیہ پردیش کی 222 رکنی اسمبلی میں اکثریت کے لیے 112 ارکان کی حمایت چاہیے تھی لیکن کانگریس کے تقریبا بیس ارکان نے پارٹی سے اسعفٰی دے دیا تھا اس لیے حکومت اقلیت میں آگئی تھی۔ اس موقع پر کمل ناتھ نے کہاکہ ہم چاہتے تھے کہ ریاست کو ایک نئی سمت دے سکیں۔آخر ہمارا قصور کیا تھا۔ انہوں نے ہمیشہ ترقی کی سیاست کی۔ عوام نے انہیں پانچ برس کا وقت دیا تھا لیکن بی جے پی کو انہیں سب باتوں سے خوف تھا۔ اس دھچکے کے باوجود کانگریس نہ تو جھکے گی اور نہ ہی رکے گی، بلکہ عوام کی فلاح کے لیے کام کرتی رہے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here