کانگریس امیدوار ولیم اپہم کی ٹرمپ کو قتل کرنیکی دھمکی پر میرین کور کی شدید مذمت

0
6

نیویارک (پاکستان نیوز)فلوریڈا سے کانگریس کے رکن بننے کے خواہش مند اور سابق میرین اہلکار ولیم اپہم نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے قتل کا مطالبہ کر دیا۔ ولیم اپہم نے فوجی وردی میں ملبوس ہو کر جاری کی گئی اس ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ ملک کا سیاسی نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے اور موجودہ امریکی صدر کو خدا کا دشمن قرار دیا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں موقف اپنایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ قوم کو متحد کرنے میں مکمل ناکام رہے ہیں اور وہ ایک جھوٹے رہنما ہیں جنہیں ختم کر دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے صدر ٹرمپ پر شدید مذہبی نوعیت کے الزامات بھی عائد کیے جس کے بعد اس بیان نے سیاسی اور دفاعی حلقوں میں شدید تشویش پیدا کر دی۔ ولیم اپہم کے اس انتہائی متنازع اور اشتعال انگیز بیان کے فوراً بعد امریکی میرین کور نے ایک باضابطہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ان کے الفاظ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔ میرین کور نے واضح کیا کہ ولیم اپہم کو 30 مئی 2025 کو طبی بنیادوں پر فوج سے فارغ کیا جا چکا تھا اور اب ان کا ادارے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے بیانات اس حلف اور اخلاقی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہیں جو ہر میرین اہلکار اٹھاتا ہے۔ بحریہ کے قائم مقام سیکرٹری ہنگ کاو نے بھی اس رویے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپہم میرین کور کے باوقار ادارے کی نمائندگی نہیں کرتے۔ فلوریڈا کے ڈویڑن آف الیکشنز کے مطابق ولیم اپہم نے 9 جون کو فلوریڈا کے 5 ویں کانگریسی ڈسٹرکٹ سے بطور رائٹ ان امیدوار کوالیفائی کیا تھا۔ اس واقعے نے امریکہ میں سیاسی شخصیات کے خلاف بڑھتی ہوئی پرتشدد زبان اور سیکیورٹی خدشات کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here