پاکستان نے امریکہ و ایران کی ثالثی کروا کر انسانیت کو تباہی سے بچا لیا،ڈاکٹر اعجاز

0
20

نیویارک (پاکستان نیوز)امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان ایک تاریخی سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے تحت دونوں ممالک کے سربراہان نے اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت پر الیکٹرانک طریقے سے دستخط کر دئیے ہیں۔ ایپک کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد نے پاکستان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسانی تاریخ میں ہونیوالے اس یادگار و تاریخی معاہدے کی تصدیق ثالثی کا کردار ادا والی شخصیات نے کی ہے۔ معاہدے کے فوری نفاذ کے ساتھ ہی پہلے مرحلے کے طور پر ایران فوری طور پر آبنائے ہرمز کو تجارتی جہاز رانی کے لیے کھول دے گا جبکہ دوسری طرف امریکہ کی جانب سے ایران پر عائد بحری ناکہ بندی کو فی الفور ختم کر دیا جائے گا۔ اعلیٰ ترین سطح پر ہونیوالا یہ معاہدہ دونوں حکومتوں کے درمیان تنازعات کے پرامن اور سفارتی حل کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان اپنے ساتھی ثالث ملک قطر کے تعاون سے 19 جون 2026 ء کو سوئٹزرلینڈ میں ایک باضابطہ تقریب کی میزبانی کرے گا جس میں اس اہم سنگ میل کا جشن منایا جائے گا اور تکنیکی سطح کے مذاکرات کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ اس کامیابی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سفارتی وابستگی اور ان کی مذاکراتی ٹیم بشمول جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کی خدمات کو سراہا گیا ہے۔ دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور صدر مسعود پزیشکیان کی بصیرت اور ان کی سفارتی ٹیم بشمول محمد باقر قالیباف، عباس عراقچی اور اسکندر مومنی کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی گئی ہے۔ اس بریک تھرو میں قطر، سعودی عرب، ترکی اور مصر کی قیادت کے تعمیری کردار سمیت پاکستانی فوج کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک محنت اور مخلصانہ کاوشوں کو بھی خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا گیا ہے جو خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کی بنیاد بنے گا۔ بادی النظر میں دیکھا جائے تو پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں جنگی حالات میں بہترین سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے نہ صرف امریکہ اور ایران کے عوام کیلئے راحت کا سبب بنا بلکہ پوری نوع انسانی پر احسان عظیم کیا ہے۔ پاکستان کے اس بہترین ثالثی کردار کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے اور جس قدر ہو سکے پاکستان کی اس نئی شناخت کو عالمی سطح پر استعمال کرتے ہوئے پاکستانی عوام کیلئے معاشی بحران کو ختم کیا جا سکتا ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here