نیویارک (پاکستان نیوز)نیویارک پولیس کی جانب سے جاری کردہ حالیہ رپورٹ کے مطابق شہر بھر میں مجموعی طور پر جرائم کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ مئیر زوہران ممدانی کی قیادت میں انتظامیہ کی جانب سے نافذ کی جانے والی نئی حفاظتی حکمت عملی اور پولیس فورس کی جدید خطوط پر استواری کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر کے پانچوں اضلاع میں قتل اور فائرنگ کے واقعات میں ریکارڈ حد تک گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جس نے گزشتہ کئی برسوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ محکمہ پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینے اور حساس علاقوں میں گشت بڑھانے سیٹریٹ کرائمز اور پرتشدد کارروائیوں پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔ مقامی انتظامیہ نے شہر کے پسماندہ اور شدید متاثرہ علاقوں میں نوجوانوں کے لیے روزگار اور سماجی سرگرمیوں کے مواقع بھی پیدا کیے ہیں، جس سے جرائم کی طرف مائل ہونے والے رجحانات میں واضح کمی آئی ہے۔ شہریوں نے بھی امن و امان کی اس صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مئیر زوہران ممدانی نے اس کامیابی کا سہرا پولیس اہلکاروں کی انتھک محنت اور عوامی تعاون کے سر باندھا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ نیویارک کو مزید محفوظ بنانے کے لیے یہ اقدامات مستقل بنیادوں پر جاری رکھے جائیں گے تاکہ رہائشیوں اور کاروباری طبقے کو مکمل تحفظ کا احساس فراہم کیا جا سکے۔












