بوسٹن (پاکستان نیوز)بوسٹن میں ایک وفاقی گرینڈ جیوری نے ویزا فراڈ کی ایک بڑی اور منظم سازش کا پردہ چاک کرتے ہوئے 10 بھارتی شہریوں پر باقاعدہ فردِ جرم عائد کر دی ہے۔ ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو گمراہ کر کے امریکی شہریت یا قانونی رہائش حاصل کرنے کے لیے مختلف اسٹورز اور ریسٹورنٹس میں مسلح ڈکیتیوں کے جھوٹے ڈرامے رچائے۔ اس مجرمانہ منصوبے کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ وہاں کام کرنے والے ملازمین کو ویزا درخواستوں میں سنگین پرتشدد جرم کا شکار ظاہر کیا جا سکے تاکہ وہ اس بنیاد پر خصوصی یو ویزا حاصل کرنے کے اہل ہو سکیں جو عام طور پر جرائم کے سچے متاثرین اور پولیس کے ساتھ تعاون کرنے والے افراد کو دیا جاتا ہے۔ یہ پورا معاملہ ابتدائی طور پر مارچ 2026 میں ایک فوجداری شکایت کے ذریعے سامنے آیا تھا جس پر اب عدالت نے باقاعدہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ تحقیقات کے مطابق یہ نیٹ ورک مختلف امریکی ریاستوں میں سرگرم تھا جہاں ایک شخص دکان میں داخل ہو کر اسلحے کے زور پر نقدی لوٹتا تھا اور یہ ساری کارروائی وہاں موجود خفیہ کیمروں میں جان بوجھ کر ریکارڈ کی جاتی تھی تاکہ بعد میں اسے بطور ثبوت استعمال کیا جا سکے۔ اس ڈرامے کے بعد ملازمین پولیس کو مطلع کرتے تھے اور مبینہ طور پر اس کام کے لیے دکان کے مالکان اور ملازمین نے بھاری رقوم بھی ادا کی تھیں۔ اس کارروائی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے اور محکمہ امیگریشن سمیت کئی اداروں نے حصہ لیا اور جرم ثابت ہونے کی صورت میں ملزمان کو 5 سال قید اور ملک بدری کا سامنا ہو سکتا ہے۔













