ٹرکوں کے ارگرد افراد کی بدبو کی شکایت ، محکمہ ماحولیات اور صحت کی گھنٹوں بعد کارروائی، مزید افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کا امکان
نیویارک (پاکستان نیوز) بروکلین فیونرل ہومز کے باہر ٹرکوں میں پڑی کورونا وائرس سے متاثرہ لاشوں سے اٹھنے والے تعفن نے فضا کو بدبودار کر دیا ، اس عمل سے وائرس کے مزید پھیلنے کا بھی خدشہ پیدا ہوا ، لاشوں کے باکس کلیک لی فیونرل سروسز کے باہر اور مختلف سٹورز کے باہر بھی پڑے دیکھے گئے ، شہریوں کی اکثریت نے انتظامیہ کے اس غیر ذمہ دارانہ فعل کی شکایت کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ اس سے مزید افراد کورونا وائرس کا شکار ہو سکتے ہیں ، باڈیز کو اچھی طرح ویکیوم کیا جانا چاہئے تھا تاکہ اس سے بدبو یا ہوا باہر نہ آ سکے لیکن ایسا نہیں کیا گیا جس سے دیگر شہریوں کی صحت کو رسک میں ڈالا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق شہریوں کی شکایات کے بعد ادارہ صحت اور ادارہ ماحولیات نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاشوں کے باکسز کو فیونرل سینٹرز میں منتقل کر دیا ، دی اینڈریو کلیکلے فیونرل ہوم بھی ریفریجریٹر لاشوں کو ٹھکانے لگانے میں بری طرح ناکام رہا اور باکسز میں لاشیں گھنٹوں تک فیونرل سینٹر کے باہر پڑی رہیں۔شہریوں کی اتنی بڑی تعداد میں ہلاکت کے بعد نیویارک کے فیونرل سینٹرز اپنی ذمہ داریوں کو بروقت ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئے ہیں کیونکہ اس سے قبل اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو نہیں دفنایا گیا ہے ۔