ایئر کینیڈا کے پائلٹ کی بغیر لائسنس 900 پروازیں اڑانیپر فرد جرم عائد

0
9

ٹورنٹو (پاکستان نیوز)ایئر کینیڈا کے پائلٹ کا جعل سازی کے ذریعے 16 سال تک بغیر لائسنس 900 سے زائد پروازیں اڑانے کا انکشاف ، پولیس نے گرفتار کر لیا کینیڈا کی پیل ریجنل پولیس نے پراجیکٹ آکارس کے تحت ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایئر کینیڈا کے ایک سابق پائلٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔ 59 سالہ جیفری وال پر الزام ہے کہ انہوں نے مطلوبہ پائلٹ لائسنس کے بغیر 2009 سے 2025 کے دوران 900 سے زائد ملکی اور بین الاقوامی پروازیں اڑائیں۔ اس دوران انہوں نے بوئنگ 777 اور 787 جیسے بڑے مسافر طیاروں میں ہزاروں مسافروں کی جانیں خطرے میں ڈالیں اور تنخواہ کی مد میں 29 لاکھ ڈالر سے زائد رقم حاصل کی۔ تحقیقات کے مطابق ملزم کے پاس کمرشل پائلٹ کا بنیادی لائسنس تو موجود تھا لیکن کسی بڑے جہاز کا کپتان بننے کے لیے ضروری لائسنس موجود نہیں تھا، جس کے لیے انہوں نے جعلی دستاویزات تیار کیں۔ پولیس کے مطابق یہ معاملہ پہلی بار مارچ 2025 میں ٹورنٹو کے پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک معمول کی جانچ پڑتال کے دوران سامنے آیا، جس کے بعد ٹرانسپورٹ کینیڈا نے تحقیقات شروع کیں۔ ملزم نے اپنی جعل سازی کو چھپانے کے لیے پولیس میں دستاویزات چوری ہونے کی جھوٹی رپورٹ بھی درج کروائی تھی۔ اب ملزم کو دھوکہ دہی اور جعلی دستاویزات کے استعمال سمیت 7 مجرمانہ دفعات کا سامنا ہے اور انہیں 29 جون 2026 کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ایئر کینیڈا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پائلٹ کی تربیت مکمل تھی اس لیے مسافروں کی حفاظت متاثر نہیں ہوئی، تاہم اب پائلٹس کی دستاویزات کی تصدیق کا نظام مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here