سمتھ سونین سیکرٹری لونی جی بنچ سوم ٹرمپ کے دباؤ کے بعد مستعفی

0
1

نیویارک (پاکستان نیوز)سمتھسونین انسٹی ٹیوشن کے سیکرٹری لونی جی بنچ سوم نے اپنے عہدے سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے جبکہ انہوں نے اعتراف کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ادارے کیخلاف مسلسل جاری مہم ان کے لیے انتہائی تناؤ کا باعث بنی۔ نیویارک ٹائمز کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں 73 سالہ تاریخ دان نے بتایا کہ اگرچہ صرف ٹرمپ کی تنقید ہی ان کی ریٹائرمنٹ کی واحد وجہ نہیں ہے لیکن گزشتہ چند ماہ ان کے لیے انتہائی سخت گزرے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دوسرے دورِ صدارت میں سمتھسونین کے متعدد نمائش گاہوں پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ان کے ذریعے امریکی تاریخ کو نامناسب اور منقسم انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ برس ٹرمپ نے ادارے کی تمام نمائشوں کی جائزہ کاری کا حکم دیا تھا تاکہ کسی بھی غیر ملکی یا امریکی مفاد کے خلاف مواد کو ہٹایا جا سکے، جس پر متعدد نقادوں نے اسے تاریخ کا سیاسی استعمال قرار دیا تھا۔ بنچ نے، جنہوں نے سمتھسونین میں مختلف عہدوں پر تقریباً 40 سال خدمات انجام دیں اور 7 سال تک اس کے سیکرٹری رہے، کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے الگ ہو جائیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا مقصد ادارے کو محفوظ رکھنا تھا جس کے لیے انہوں نے بعض اوقات سخت موقف اختیار کیا اور بعض اوقات مصلحت سے کام لیا۔ بنچ کا کہنا تھا کہ اس مسلسل جدوجہد اور حملوں کے باعث وہ ذہنی تناؤ کا شکار تھے اور اب اپنی زندگی سکون سے گزارنا چاہتے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here