نیویارک (پاکستان نیوز) اور تارکین وطن کے حقوق پر زورلانگ آئی لینڈ کے علاقے ویلی اسٹریم میں جنوب ایشیائی رہنمائوں کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس سے نیویارک کی گورنر کیٹ ہوچل نے ایک انتہائی ولولہ انگیز اور جامع خطاب کیا۔ گورنر کیٹ ہوچل نے اپنے خطاب کے دوران جنوبی ایشیائی برادری کی محنت، خاندانی اقدار اور اس خطے کی تعمیر میں ان کی لازوال خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے تارکین وطن کے مسائل سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یاد دلایا کہ ان کے اپنے بزرگ بھی اس ملک میں مہاجر کی حیثیت سے آئے تھے اور ان کے دادا نے سخت محنت کی تھی۔ گورنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہمیشہ تارکین وطن کے حقوق کی حفاظت کے لیے صفِ اول میں کھڑی رہیں گی اور کسی بھی غیر منصفانہ پالیسی کا سختی سے مقابلہ کریں گی۔ انہوں نے ڈائون ٹاون علاقوں کی بحالی کے لیے دس ملین ڈالر کی خطیر رقم مختص کرنے کا اعلان کیا تاکہ تمام نسلوں اور عقائد کے لوگوں کی بہتر نمائندگی ہو سکے۔ نفرت انگیز جرائم اور توڑ پھوڑ کے خلاف عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے دو سو ملین ڈالر سے زائد کی رقم فراہم کرنے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ نفرت اور تعصب کے خلاف ان کی حکومت کی زیرو ٹالیرنس پالیسی ہے۔ معاشی امور پر بات کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ ستر سالوں میں مڈل کلاس کے لیے ٹیکسوں میں سب سے بڑی کمی کی ہے اور حالیہ امداد کے تحت دس ارب ڈالر کا ریلیف فراہم کیا ہے، جن میں توانائی کے اخراجات اور یوٹیلیٹی بلوں کے لیے ایک ارب ڈالر شامل ہیں۔ انہوں نے اپنے سیاسی حریف کو کڑے ہاتھوں لیتے ہوئے خبردار کیا کہ ٹیرفس اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، اور وہ عام آدمی کی زندگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر جدوجہد کر رہی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکائ نے گورنر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔










