نئی دلی:
بھارتی فضائیہ کے نئے سربراہ راکیش کمار سنگھ نے پاکستان اور چین کو دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ رافیل طیاروں کی فضائی بیڑے میں شمولیت سے ہمیں پروسی ممالک پر سبقت حاصل ہوجائے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین ایئر فورس کے نئے سربراہ راکیش کمار سنگھ نے آج اپنا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ قبل ازیں وہ فرانس سے 36 رافیل طیاروں کی 60 کروڑ بھارتی روپوں میں خریداری کے لیے بھارتی ٹیم کا حصہ تھے۔
یہ خبر پڑھیں: جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو فرانس سے پہلا رافیل طیارہ موصول
بھارتی فضائیہ کے نئے سربراہ نے پرانی گیدڑ بھبکیاں دیتے ہوئے کہا کہ رافیل طیاروں کو انڈین ایئر فورس کا حصہ بن جانے کے بعد اسے ایس یو-30 کے ساتھ استعمال کیا جائے گا جس سے جنگی محاذ پر بھارتی فضائیہ کو پاکستان اور چین پر سبقت حاصل ہوجائے گی۔
یہ خبر بھی پڑھیں: بھارت پلوامہ واقعہ جیسا بہانہ بناکر پاکستان پر حملہ کرسکتا ہے، ترجمان پاک فوج
بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے روایتی جارحیت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ رافیل طیاروں کی شمولیت سے انڈین ایئر فورس کے آپریشنل صلاحیتوں میں بے پناہ اضافہ ہوجائے گا۔ ہم کسی بھی آپریشن کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان پہلے ہی پلوامہ جیسے جعلی حملے کی تیاری اور اس کا الزام پاکستان پر لگانے کی بھارتی سازش سے عالمی قوتوں کو آگاہ کرچکا ہے، جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار کی جانب سے مقرر کیے گئے انڈین ایئر فورس کے نئے سربراہ کے بیان نے نہ صرف جنگی عزائم کو بے نقاب کیا بلکہ پاکستان کے موقف پر مہر بھی ثبت کردی۔