سری نگر:
حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے نوجوان، بزرگ، خواتین اور بچہ بچہ قربانیاں دے رہا ہے جو رائیگاں نہیں جائیں گی اور جلد وادی میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کُل جماعتی حریت کانفرنس کے نظربند چیئرمین سید علی گیلانی نے اپنے ایک بیان میں کشمیریوں کو حوصلہ بلند رکھنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ قربانیاں دے رہے ہیں اور قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جاتیں۔
علی گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ مجھے جلد آزادی ملنے کا پختہ یقین ہے، کشمیری اپنی شناخت، مذہب اور عزت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، اپنے عظیم تر مقصد آزادی کے حصول کے لیے وادی کشمیر، جموں اور لداخ کے رہنے والے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد ہوجائیں۔
یہ خبر پڑھیں: پاکستانی عوام اور مسلم امہ کشمیریوں کی فوری مدد کے لیے آئیں، سید علی گیلانی
بزرگ حریت رہنما نے کشمیری پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے تلقین کی کہ اپنی ماؤں، بہنوں کی عزت اور بھائیوں کی حفاظت کی خاطر بھارتی فوج کے ساتھ تعاون نہ کریں، دھرتی کے بیٹے ہونے کا ثبوت دیں اور ہندوتوا کے پرچاریوں کو ناکام بنا دیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ 52 دنوں سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، درس گاہیں اور کاروباری مراکز بند، ذرائع آمد ورفت معطل اور مواصلاتی نظام منقطع ہے۔ مودی حکومت کے متعصبانہ اقدامات کے باعث پوری وادی جیل میں تبدیل ہوگئی ہے۔