اسلام آباد:
سعودی عرب اور ایران میں کشیدگی کم کرنے کی غرض سے ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران روانہ ہوگئے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔ دورے کے دوران وزیر اعظم ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کریں گے۔ جب کہ ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور وزیر اعظم میڈیا سے بھی بات کریں گے۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم مسئلہ کشمیر سمیت خطے کے دیگر معاملات پر بھی بات کریں گے، تاہم بنیادی ایجنڈا سعودی ایران کشیدگی میں کمی لانا ہے۔ دریں اثنا وزیر اعظم منگل کو سعودی عرب روانہ ہوں گے جہاں وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔