نیویارک(پاکستان نیوز) پاکستان فلسطین میں پائیدار امن کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔ نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے نیویارک میں اسلامی تعاون تنظیم کے سفیروں سے خطاب میں فلسطینی عوام کو بے دخل کرنے کی کوشش کی سخت مخالفت کی۔ دوسری جانب اسحاق ڈار نے پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی۔ نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے نیویارک میں اسلامی تعاون تنظیم کے سفیروں سے خطاب میں کہا کہ پاکستان فلسطین میں منصفانہ اور پائیدار امن کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔غزہ میں مستقل جنگ بندی، انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد کی غیرمتزلزل حمایت جاری رکھے گا، بھارت کی طرف سے مکمل معلوماتی بلیک آٹ کی وجہ سے کشمیریوں کے مصائب نظروں سے اوجھل ہیں۔ دوسری جانب وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی، خطاب میں کہا کہ ملک میں ہونے والی شہادتیں دہشت گردوں کو واپسی کی اجازت دینے کا نتیجہ ہے، ہم نے فیصلہ کیا ملک ہے تو سیاست ہے، ملک بچانے کیلئے سیاست کی قربانی دینا پڑی تو سمجھیں گے اپنا کام کر دیا، بڑی کوششوں کے بعد بھیانک معاشی صورتحال کی سمت تبدیل کی۔ نائب وزیراعظم نے پاکستان سنگل ونڈو ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے بارے میں آگاہ کیا ۔جس کا مقصد تجارت کی راہ ہموار کرنا اور علاقائی اقتصادی انضمام کو فروغ دینا ہے۔