تل ابیب(پاکستان نیوز) صدر جو بائیڈن نے یرغمالوں کی رہائی اور غزہ جنگ بندی کے لیے اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی کوششوں کو غیر سنجیدہ قرار دیدیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر جو بائیڈن نے اعتراف کیا ہے کہ حماس سے معاہدے کے لیے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سنجیدہ کوشش نہیں کر رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا بہت جلد حتمی تجاویز پیش کرے گا جس سے غزہ سے اسرائیلی یرغمالیوں کو رہائی ملے گی۔ ادھر 6 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ملنے کے بعد اسرائیل میں نیتن یاہو حکومت کے خلاف بڑے مظاہرے دوسرے روز بھی جاری ہیں۔ مظاہرین نے نیتن یاہو کے گھر اور حکمراں جماعت کے دفتر کے باہر بھی احتجاج کیا، احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس سے جھڑپ کے بعد متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔ یرغمالیوں کی لاشیں ملنے کے بعد عوامی غم و غصے نے اسرائیلی وزیرِ اعظم کو معافی مانگنے پر مجبور کر دیا، تاہم نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی تاحال برقرار ہے، انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر بڑھتے ہوئے دبا کو مسترد کر دیا ہے۔