نیویارک(پاکستان نیوز) امریکہ میں پھنسے 250مزید پاکستانیوں کو لیکر پی آئی اے کی خصوصی چھٹی پرواز اتوار کی شام شکاگو سے روانہ ہو کرگزشتہ روز اسلام آباد پہنچ گئی۔ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کی پریس اٹیچی زوبیہ مسعودنے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ شکاگو ائیرپورٹ پر قونصل جنرل جاوید احمد عمرانی نے مسافروں کو رخصت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وطن واپسی کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ پریس اٹیچی نے مزید بتایا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی حکومت پاکستان اور امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا جب تک تمام پاکستانی واپس نہیں جاتے خصوصی پروازوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے وطن واپس جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کو آئندہ پروازوں کی معلومات کے حصول کیلئے خصوصی ہیلپ لائنز سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی۔