نیب نے خواجہ آصف کوگرفتار کرلیا

0
142

لاہور (پاکستان نیوز) اثاثہ جات کیس میں نیب نے ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کوگرفتار کر لیا جبکہ ن لیگ نے کہا کہ اگر انہیں نہ چھوڑا گیا تو حالات خراب ہو سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف کونیب اسلام آباد کی ٹیم نے نیب لاہور کی درخواست پر گرفتار کرکے نیب راولپنڈی منتقل کردیا ،انہیں احسن اقبال کی رہائشگا ہ کے باہر سے گرفتار کیا گیا،وہ احسن اقبال کے گھر ن لیگ کے مشاورتی اجلاس کیلئے موجود تھے ،ان کا نیب کی حراست میں طبی معائنہ مکمل ہوگیا جس میں انہیں مکمل طورپر تندرست قرار دیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے خواجہ آصف کی میڈیکل رپورٹ نیب کے حوالے کردی انہیں آج راولپنڈی کی احتساب عدالت میں پیش کیا جائیگا جس کے بعد آج شام انہیں لاہور منتقل کیا جائیگا۔ ن لیگ کی نائب صدرمریم نواز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اجلاس سے نکلنے کے فوری بعد نیب نے خواجہ آصف کو گرفتار کرلیا،نیب چھپ کر بیٹھی تھی، حکومت کا طریقہ واردات یہی ہے ، اب شکست کا خوف سامنے رکھتے ہوئے ایسے اقدامات کئے جارہے ہیں، حکومت جانے کا خوف ان کے چہروں سے نظر آرہا ، خواجہ آصف نے بتایا کہ انہیں نوازشریف کو چھوڑنے کا کہا گیا، کہا گیا کہ نوازشریف کے بیانیے سے اختلاف کرو، کیسز ختم ہوجائینگے ،یہ گرفتاری نہیں اغوا ہے ،نیب عمران کا آلہ کار بن کر لوگوں کو گھروں سے اٹھا لیتا ہے ،خواجہ آصف نے کہا جو مرضی سزا دیں بیانیے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، ہم خوف میں نہیں آئینگے ، نیب اگر کسی کو گھر سے اٹھا لیتا ہے تو عدالتوں کو خاموش نہیں رہنا چاہئے ،گرفتاری حکومت کی واضح بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے ،انہیں ڈر تھا کہ استعفوں کے حوالے سے خواجہ آصف بہتر کردار ادا کرسکتے ہیں،میرے پاس تمام استعفے آچکے ہیں، صرف ایک خاتون ممبر کا استعفیٰ رہ گیا ہے ،مریم نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف کو چھوڑیں ورنہ معاملات کہیں اور سے اور جاسکتے ہیں ،نیب کو چینی، آٹا اور ایل این جی چور نظر نہیں آرہے ، نیب کو اپوزیشن نظر آتی ہے دیگر سکینڈلز نظر نہیں آتے ، چیئرمین نیب کوہم نے لگایا مگر یہ نہیں کہ وہ کھلی دہشتگردی کریں،پیغام ہمیں یہی ملا ہے کہ حکومت بری طرح ڈر چکی ہے۔ آج پی ڈی ایم کا اجلاس ہے ، گرفتار ی پر رد عمل آئے گا،ہم انہیں اس طرح نہیں جانے دینگے ،یہ ہتھکنڈے حکومت کو گھر لے جانے میں جلدی کرینگے۔ (ن) لیگ کے قائد محمدنواز شریف نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سلیکٹرز اور سلیکٹڈ کے گٹھ جوڑ کا قابل مذمت واقعہ ہے ، ایسی حرکتوں سے حکومتی بوکھلاہٹ کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ، اندھے سیاسی انتقام کے دن گنے جا چکے ہیں۔ ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب ،عظمیٰ بخاری اور دیگر نے بھی خواجہ آصف کی گرفتاری کی شدید مذمت کی اور کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائی کا ایک او رباب کھولا ہے۔ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم خواجہ آصف کی گرفتاری کی شدیدمذمت کرتے ہیں ان کی گرفتاری نیب کی بزدلانہ کارروائی ہے ، نیب کے اوچھے ہتھکنڈوں سے اپوزیشن کی تحریک کو مزید تقویت ملے گی ، ناجائز حکومت کے خلاف تحریک جاری رہے گی،اس کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here