گرفتار شخص کی گاڑی سے فوجی وردی بھی برآمد ہوئی، تحقیقات کا حکم
اوٹاوا (پاکستان نیوز) کینیڈا کے وزیر اعظم کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مسلح شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔کینیڈا کی پولیس نے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے گھر میں گھسنے کی کوشش کرنے والے جدید اسلحے سے لیس ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اوٹاوا کے انتہائی حساس علاقے میں ایک شخص تیز رفتار کار سے رکاوٹوں کو توڑے ہوئے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی رہائش گاہ تک پہنچ گیا اور مرکزی دروازے سے پیدل چلتے ہوئے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکاروں نے مسلح شخص کو گرفتار کرلیا۔کینیڈین پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر واقعہ کی تفصیلات بتائیں کہ جسٹن ٹروڈو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ رائڈو ہال کمپلیکس کے اندر ایک بڑے گھر میں رہتے ہیں جہاں مشکوک شخص گھسنے کی کوشش کررہا تھا۔ گرفتار شخص فوجی اہلکار ہے اور اس کی گاڑی سے وردی بھی برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے اعلان کیا کہ وزیراعظم اہل خانہ سمیت محفوظ ہیں۔ تاحال فوجی اہلکار کی اس حرکت کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ تفتیشی ٹیم انکوائری کر رہی ہے۔ میڈیا کو جلد تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔