واشنگٹن(پاکستان نیوز) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹرمپ گولڈ کارڈ کے نام سے ایک فاسٹ ٹریک امریکی ویزوں کی سکیم شروع کردی تاہم اس کو حاصل کرنے کیلئے غیر ملکیوں کو کم از کم دس لاکھ ڈالرز ادا کرنے ہوں گے۔ سوشل میڈیا پر ٹرمپ نے کہا کہ تمام ایسے افراد جو شہریت حاصل کرنے کے اہل ہوں اور ان کی جانچ پڑتال ہو چکی ہو۔ ان کیلئے یہ کارڈ براہ راست امریکی شہریت حاصل کرنے کا راستہ فراہم کرے گا۔ اس سکیم کی ویب سائٹ پر موجود معلومات کے مطابق ” ٹرمپ گولڈ کارڈ ” جس کا اعلان رواں سال کے آغاز میں کیا گیا تھا، ایک امریکی ویزا ہے جو ان لوگوں کو دیا جاتا ہے جو یہ ثابت کر سکیں کہ ان سے امریکہ کو کافی فائدہ پہنچے گا۔ یہ سکیم ” ای بی فائیو ” ویزوں کی جگہ لے گی۔ ایسے کاروبار جو ملازمین کو سپانسر کرنا چاہتے ہیں انھیں اضافی فیسوں کے ساتھ ساتھ 20 لاکھ ڈالرز ادا کرنے ہوں گے۔ جلد ہی اس کارڈ کا ایک پلاٹینم لانچ کیا جا رہا ہے جس کے خریدار کو خصوصی ٹیکس چھوٹ ملے گی تاہم اس کی فیس 50 لاکھ ڈالرز ہو گی۔ ادھر ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی ویزا کی درخواست دینے والے افراد کی 5 سالہ سوشل میڈیا سرگرمیاں جانچنے کا منصوبہ بنالیا۔ یہ واضح نہیں کیا گیاکہ نئے فیصلے کا اطلاق کب سے کیا جائیگا۔ جانچ کی جائے گی کہ آیا متعلقہ درخواست گزار نے امریکہ مخالف، یہود مخالف یا دہشتگردی سے متعلق کسی بات کی ترویج تو نہیں کی۔










