نیویارک ( پاکستان نیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ممتاز سماجی و سیاسی شخصیت زونیرا احمد ، نیویارک سٹی کونسل کی سپیکر جولی مینن کی سینئر ایڈوائزر مقرر ہو گئی ہیں۔ سپیکر جولی مینن کی جانب سے زونیرا احمد کی تقرر ی کا باقاعدہ نوٹفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ دو سال کی عمر میں والدین کے ہمراہ امریکہ آنے والی زونیرا احمد نے بیچلر ڈگری حاصل کر رکھی ہے اور انہیں سپیکر مینن سے قبل اہم منتخب و سیاسی شخصیات کے ساتھ خدمات انجام دینے کا بھی موقع ملا ہے۔پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ممتاز سماجی شخصیت احمد شریف کی صاحبزادی اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت ، EMPACکنسٹرکشن کمپنی اور Guacadoفاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کے مالک اور One Nation US کے بورڈ ممبر ذیشان احمد کی ہمشیرہ ، زونیرا احمد نے کانگریس مین میکس روز ،سٹیٹ سینیٹر ایون چواور کونسل مین جسٹن برینن کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ علاوہ ازیں زونیرا احمد کانگریس مین میکس زور، سینیٹر ایون چو اور کونسل ممبر ایری کیگن کے الیکشن میں ان کی انتخابی مہم کی مینیجر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔زونیرا احمد کو اعزاز حاصل ہے کہ وہ نیویارک سٹی کونسل کی سپیکر کے آفس میں اعلیٰ عہدے پر تعینات ہونے والی پہلی پاکستانی امریکن ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی نے زونیرا احمد کوا ن کی تقرری پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ کمیونٹی کو ان کی خدمات پر فخر ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ زونیرا احمد سے پہلے پاکستانی امریکن فائزہ علی کو نیویارک سپیکر آفس میں ڈپٹی چیف آف سٹاف خدمات انجام دینے کا موقع ملا۔ فائزہ علی ، نیویارک سٹی کونسل میں خدمات انجام دینے والی پہلی پاکستانی امریکن ڈپٹی چیف آف سٹاف رہیں۔











