پاک بھارت تعلقات میں بہتری کےلئے امارات خفیہ روڈ میپ پر کام کررہا ہے: بلو مبرگ

0
177

اسلام آباد(پاکستان نیوز) نشریاتی ادارے بلومبرگ نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی کوششوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن اور تعلقات میں بہتری کیلئے خفیہ مذاکرات ہو رہے ہیں اور گزشتہ ماہ دونوں ملکوں کی جانب سے سیزفائر کی پاسداری کرنے کا عزم انہی خفیہ مذاکرات کا اہم سنگ میل ہے۔ جریدے کی رپورٹ کے مطابق ان معاملات سے باخبر حکام اور سفارتی ذرائع نے بتایا کہ سیز فائر کی پاسداری کا اعلان اس وسیع تر امن روڈ میپ کا صرف آغاز ہے جس کا مقصد دونوں ہمسایوں کے درمیان دیرپا امن کا قیام ہے۔ اس عمل کے اگلے مرحلے میں دونوں ملک ایک دوسرے کے ہاں اپنے سفیر (ہائی کمشنرز) دوبارہ تعینات کریں گے جنہیں 2019میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد واپس بلا لیا گیا تھا۔ اس کے بعد سخت مرحلہ آتا ہے :تجارت اور کشمیر کے معاملے پر مذاکرات کا دوبارہ آغاز کرنا۔ پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ فوجی حکام نے گزشتہ ماہ مشترکہ طور پر 2003 کے سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرنے کا عزم کیا تو اس کے فوراً بعد متحدہ عرب کے ایک اعلیٰ سفارتکار نے بھارت کا ایک روزہ دورہ کیا تھا۔اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے اپنے بھارتی ہم منصب سبرامنیم جے شنکر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات زیر بحث آئے۔ حکام کے مطابق پہلے توقعات کم تھیں کہ ان کوششوں سے سفیروں کی دوبارہ تعیناتی اور پنجاب کے بارڈر سے تجارت کی بحالی سے آگے بڑھ کر بھی کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے لیکن اب کی بار یہ کوششیں زیادہ موثر اور سنجیدہ معلوم ہوتی ہیں، ایسے میں جوبائیڈن انتظامیہ افغانستان میں وسیع امن مذاکرات کیلئے سرگرم ہے ، دونوں ممالک افغانستان میں بھی اپنا اثرورسوخ بڑھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ بھارتی وزیراعظم مودی معاشی شرح میں اضافے اور چینی سرحد پر فوجی وسائل پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں، پاکستانی رہنما بھی اقتصادی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اورامریکہ اور دیگر ممالک کیساتھ معاملات بہتر کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔پاکستانی وزارت خارجہ نے مذاکرات یا متحدہ عرب امارات کے کردار پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جبکہ بھارت اور امارات کی وزارت خارجہ نے بھی فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔گزشتہ ہفتے پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارت سے کہا تھا کہ ”ماضی کو دفن کر کے آگے بڑھیں“۔اس بیان سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کشمیر پر قرارداد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس مسئلے نے ہم سب کو پیچھے روک رکھا ہے۔چند روز قبل مودی نے کورونا کا شکار عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، یہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر ہونے کا ایک اور اشارہ ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ حالیہ چند مہینوں میں ایسے کئی معاملات ہیں جو متحدہ عرب امارات کے کردار کی جانب اشارہ کر رہے ہیں۔گزشتہ نومبر میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے دورہ امارات کے دوران ولی عہد ابوظہبی شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی تھی جبکہ اس سے قبل شاہ محمود قریشی بھی ولی عہد سے ملاقات کر چکے تھے۔ اماراتی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان سے بھی ٹیلیفون پر بات کی تھی۔اس سے چند دن قبل بھارت نے عمران خان کو سری لنکا کے دورے پر جانے کیلئے اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دی تھی۔ سیزفائر کی پاسداری کے اعلان کے بعد امارات ان گنے چنے ممالک میں شامل تھا جنہوں نے اسکا خیرمقدم کیا۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here