اسلام آباد (پاکستان نیوز) پاکستانی معیشت کے بارے میں عالمی اداروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد تیزی سے بحال ہونے لگا ہے، جس کا واضح ثبوت پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی ہے جو ملکی قیادت کے ویژن، معاشی اصلاحات اور بہتر گورننس پر بھرپور اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ بلوم برگ نے کہاامریکہ کے ساتھ تعلقات کی بحالی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری میں پاکستان کی عسکری قیادت نے نمایاں کردار ادا کیا۔ عسکری قیادت کی 2030 تک توسیع کو سیاسی اور معاشی استحکام کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔ پاکستان کے چھوٹے سرمایہ کاروں نے سٹاک میں 40 فیصد اضافہ کیا۔2025 میں 100 انڈیکس میں 40 فیصد اضافہ پاکستان کو ایشیا کی بہترین مارکیٹ بناتا ہے۔حکومتی استحکام، مضبوط اصلاحات اور خطرہ سے پاک سرمایہ کاری نے پاکستانیوں کو بڑی تعداد میں سٹاک مارکیٹ کی طرف راغب کیا۔ صرف ستمبر کی سہ ماہی میں 36ہزار سے زائد نئے ٹریڈنگ اکاؤنٹس کھولے گئے۔ اکتوبر میں پاکستان سٹاک ایکسچینج کا روزانہ تجارتی حجم 200 ملین ڈالر تک پہنچ گیا جو 2017 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ تیزی آنے والے برسوں میں پاکستان کو علاقائی معاشی مرکز بنانے کی سمت اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔











