واشنگٹن(پاکستان نیوز)امریکہ کی جانب سے پابندیوں کے بعد روس نے جوابی وار کرتے ہوئے صدر جو بائیڈن اور سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن سمیت اہم امریکی عہدیداروں کے خلاف سخت پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں موجودہ امریکی انتظامیہ کے انتہائی روسو فوبک طرز عمل کا ردعمل ہے امریکی انتظامیہ خطے میں اپنی بالادستی کو برقرار رکھنے کی مایوس کن اور بھونڈی کوششیں کر رہی ہے۔ روس کی جانب سے جن دیگر امریکی حکام پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں ان میں سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن، وزیر دفاع لائیڈ آسٹن؛ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف مارک ملی؛ سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم جوزف برنس؛ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی؛ قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان؛ نائب قومی سلامتی مشیر دلیپ سنگھ اور سامنتھا جین پاور سمیت دیگرز پابندیوں کی اس فہرست میں شامل ہیں۔ روسی سفارتی زرائع کا کہنا ہے کہ مستقبل میں پابندیوں کی فہرست میں دیگر اہم عہدوں فائز افراد کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ ہیلری کلنٹن نے ٹویٹر پر روسی حکومت کے اس اقدام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کے لیے روسی اکیڈمی کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں۔