نئی دہلی:
بھارت میں ایوان زیریں اور بالا کے مون سون سیشن کے آغاز سے قبل 30 ممبران اور 50 ملازمین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایوان زیریں اور ایوان بالا کے مون سون اجلاس کا آغاز ہو گیا ہے جس سے قبل ارکان اسمبلی اور ملازمین کو کورونا ٹیسٹ لازمی کرانا تھے۔ دونوں ایوانوں کے 30 ارکان اور 50 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ارکان اسمبلی اور ملازمین کو 15 دن کے لیے قرنطینہ ہونے کو کہا گیا ہے اور ان کی حاضری کو مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے جب کہ قرنطینہ کے دوران ان کے اہل خانہ بھی کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
رواں سال ایوان بالا راجہ سبھا اور ایوان زیریں لوک سبھا کے مون سون سیشن کا انعقاد دو شفٹوں میں کیا جائے گا۔ راجیہ سبھا کا اجلاس صبح اور اس کے بعد لوک سبھا کا اجلاس سہہ پہر میں ہوگا۔
واضح رہے کہ بھارت کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے جب کہ روزانہ کی بنیاد پر نئے کیسز سامنے کی تعداد کے لحاظ سے بھارت نے عالمی ریکارڈ قائم کیا جب ایک دن میں 94 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے تھے۔