گورنر پریٹزکر اور میئر لوری کی جانب سے زیادہ سے زیادہ ہیلتھ سروسز کی سہولیات، بے گھر افراد کیلئے شیلٹرز اور کمیونٹی کے تحفظ کیلئے کوششوں کا اظہار خیال
COVID-19 کے اثرات سے بچنے کیلئے سوشل Distance بہت ضروری، ریاست کے تمام شعبے مصروف عمل ہیں، پریٹزکر
ہم صرف منصوبہ سازی نہیں کر رہے، صورتحال سے نمٹنے کیلئے مسلسل عملی اقدامات بھی کر رہے ہیں، میئر Lori Lightfoot
شکاگو(پاکستان نیوز) کرونا وائرس کی سنگینی اور بڑھتے ہوئے واقعات کے تناظر میں ریاست الی نائے اور شکاگو و دیگر شہروں کے ارباب اختیار تمام تر ممکنہ صورتحال سے نپٹنے کیلئے مسلسل جدوجہد اور وسائل میں اضافہ کیلئے مصروف عمل ہیں۔ حالات اور بڑھتے ہوئے COVID-19 کے اثرات کے تدارک کیلئے ایک جانب ہیلتھ سروسز میں بہتری کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تو دوسری جانب عوام کے تحفظ کیلئے مختلف احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔ گورنر الی نائے JB Prictzker کی زیر قیادت ممکنہ بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر طبی سہولیات میں اضافے کے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ قرنطینیہ اور آئسولیشن سینٹرز میں اضافے کےساتھ بے گھر افراد کیلئے شیلٹر اور محدود وسائل کے حامل افراد کی امداد کی کوششیں جاری و ساری ہیں۔ گورنر پریٹزکر تمام معاملات کی ذاتی نگرانی کر رہے ہیں ہر روز کی جانےوالی کوششوں پر میڈیا کو تفصیلی آگاہی دے رہے ہیں، تاہم ان کا بنیادی اصرار عوام کے احتیاطی تدابیر خصوصاً Social Distance پر عمل کرنے کیلئے ہے،ا دھر سوموار کو شکاگو کی میئر لوری Lightfoot نے شکاگو کیلئے اس وباءکا مقابلہ کرنے اور اس حوالے سے متعدد اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ شہر کے 5 بڑے ہوٹلز کو قرنطینیہ اور آئسولیشن کی کمی کو پورا کرنے کیلئے حاصل کر لیا گیا ہے نیز بے خانماں افراد کے سائبان اور رہائش کیلئے YMCA کے تعاون سے انتظامات کئے جا رہے ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ احتیاطی بندش کے احکامات کے تحت محکمہ CPD کو ہدایت کی گئی ہے کہ بنیادی اشیائے ضرورت و طبی سہولیات کے کاروبار کے علاوہ دیگر کاروباروں کی بندش کی خلاف ورزی اور اجتماع نیز سوشل Distance سے گریز کرنے والے افراد کےخلاف سخت ایکشن لیا جائے، انہوں نے کہا کہ COVID-19 کے باعث کسی بھی ایمر جنسی میں 9/11 کی جگہ 311 پر رابطہ کیا جائے۔ میئر لائٹ فٹ نے واضح کیا کہ سٹی آف شکاگو حالات کا مقابلہ کرنے اور وائرس پر قابو پانے کیلئے محض منصوبہ بندی نہیں کر رہا ہے بلکہ عملی اقدامات کیلئے بھرپور توانائی اور وسائل کےساتھ کمر بستہ ہے۔