واشنگٹن:
آئی ایم ایف کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے جیری رائس کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام پاکستان کی اقتصادی اصلاحات کی کوششوں میں معاون ہوگا۔
واشنگٹن میں آئی ایم ایف کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے جیری رائس نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ 3 سال کیلئے 6 ارب ڈالرایکسٹنڈڈ فنڈ فیسلیٹی پروگرام پراسٹاف سطح کا معاہدہ ہوا، پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹن لیگارڈ سے ملاقات ہوئی، آئی ایم ایف مشن چیف ارنیسٹو رامریز کی جانب سے جامع اسٹیٹمنٹ جاری کی گئی۔
جیری رائس نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام پاکستان کی اقتصادی اصلاحات کی کوششوں میں معاون ہوگا، پروگرام کا مقصد پاکستان کی پبلک فنانسنگ بہتربنانا اورقرضوں میں کمی لانا اورپاکستان کو پائیدار ترقی کے راستے پرواپس لانا ہے۔
جیری رائس کا کہنا تھا کہ توقع ہے پروگرام سے پاکستان کیلئے سماجی شعبہ کے اخراجات میں اضافہ ہوگا، سماجی شعبہ کیلئے وسائل بڑھنے سے پسماندہ طبقے کے تحفظ میں بہتری آئے گی، پروگرام سے پاکستان میں انفرا اسٹرکچراوردیگر انسانی وسائل کی ترقی میں اضافہ ہوگا۔