میلانیا ٹرمپ کابدنام زمانہ ایپسٹین کیساتھ تعلقات سے صاف انکار

0
13

واشنگٹن (پاکستان نیوز)خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے ایک غیر متوقع اور اچانک بیان جاری کرتے ہوئے ان تمام خبروں اور افواہوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے جن میں ان کا نام بدنام زمانہ جیفری ایپسٹین اور اس کی معاون غزلین میکسویل کے ساتھ جوڑا جا رہا تھا۔ خاتون اول نے اپنے اس تفصیلی بیان میں واضح کیا کہ ان کا کبھی بھی ایپسٹین یا میکسویل کے ساتھ کوئی ذاتی، سماجی یا کاروباری تعلق نہیں رہا اور ان کیخلاف گردش کرنے والی تمام باتیں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ خاتون اول کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اس وضاحت میں کہا گیا ہے کہ وہ ان تمام الزامات کی تردید کرتی ہیں جن میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ وہ کسی بھی موقع پر ان افراد کے ساتھ کسی تقریب یا نجی محفل میں موجود تھیں۔ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سوشل میڈیا اور بعض حلقوں میں کچھ پرانی تصاویر اور دستاویزات کی بنیاد پر دعوے کیے جا رہے تھے، جنہیں خاتون اول نے کردار کشی کی ایک منظم مہم قرار دیا ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خاتون اول کا ماضی شفاف ہے اور ان کا ان مجرمانہ سرگرمیوں سے دور دور تک کوئی واسطہ نہیں جن میں ایپسٹین ملوث رہا تھا۔ انہوں نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ بغیر کسی ثبوت کے ایسی حساس خبریں پھیلانے سے گریز کریں جس سے کسی کی ساکھ کو نقصان پہنچے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ خاتون اول کی جانب سے اس قدر براہ راست اور سخت تردید اس بات کا اشارہ ہے کہ وہ ان افواہوں کو مزید پنپنے کا موقع نہیں دینا چاہتیں تاکہ ان کی سماجی اور فلاحی سرگرمیاں کسی تنازع کا شکار نہ ہوں۔ اس بیان کے بعد اب توقع کی جا رہی ہے کہ ان کے خلاف جاری قیاس آرائیوں کا سلسلہ تھم جائے گا۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here