واشنگٹن(پاکستان نیوز) غزہ میں اسرائیلی حملوں کے بعد سے امریکہ میں مسلمان اور بالخصوص فلسطینیوں سے امتیازی سلوک اور نفرت پرمبنی واقعات میں 180 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز(سی اے آئی آر) کے مطابق گزشتہ 3 ماہ کے دوران امریکا اور دیگر جگہوں پر اسلامو فوبیا اور فلسطینی مخالف تعصب میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔
کیئر کے مطابق 2023 کے آخری تین مہینوں کے دوران مسلمان اور فلسطینیوں سے نفرت پر مبنی واقعات کی 3 ہزار 578 شکایات موصول ہوئیں یہ تعداد ایک برس قبل کی اسی مدت میں موصول ہونے والی شکایات کے مقابلے میں 178 فیصد ہے۔ادارے کے مطابق جائے کار پر دوران ملازمت امتیازی سلوک کے متاثرین کی جانب سے 662 شکایات موصول ہوئیں جبکہ نفرت پر مبنی جرائم اور نفرت کے واقعات 472 مرتبہ رپورٹ کیے گئے اور تعلیمی امتیاز پر مبنی شکایات کی تعداد 448 رہی۔