موسم گرما کا آغاز ہے ہر طرف سبزہ ہے۔پھولوں نے اپنی بہادری دکھانی شروع کردی ہے۔حالانکہ ابھی ہلکی ہلکی سردی بھی ہے۔مگر پھر بھی سب لوگوں نے موسم کا لطف لینا شروع کردیا ہے۔آخر کب تک گھروں میں بیٹھیں۔نیویارک تو اس سال طویل عرصے تک سردی کی لپیٹ میں رہا ہے۔میرے سامنے موسم کے لحاظ سے گیندے کے خوبصورت پھول کھلے ہوئے ہیں۔پیلارنگ بہت خوبصورت رنگ ہے۔پیلے رنگ کی خوبصورتی اپنی جگہ پر ہے۔اس لیے شادی بیاہ سے پہلے مایوں اور مہندی میں پیلے رنگ کو بہت استعمال کیا جاتا ہے۔خدا نے مختلف رنگ دے کر دنیا میں اپنی رعنائیوں کو بڑھایا ہے اگر ہم ان مختلف رنگوں کا موازنہ اپنی زندگی سے کریں تو ہم کو احساس ہوگا کے رنگ بھی خدا کے وجود کو سمجھنے کا ذریعہ ہیں۔لال رنگ کا گلاب دیکھ کر کتنی خوشی ہوتی ہے۔یہی لال رنگ اگر کوئی دلہن پہن لے تو اس رنگ کی وجہ سے اس دلہن کی خوبصورتی میں چار چاند لگ جاتے ہیں۔لال رنگ کے گلاب کے پھولوں کا گلدستہ کسی سے اپنی پرجوش محبت کا اظہار کرتا ہے۔حالانکہ پھولوں کی زندگی بہت مختصر ہوتی ہے مگر اپنی اس مختصر زندگی میں ہی پھولوں نے اپنی اہمیت منوا لی ہے۔پھول تو بہت جلدی مرجھا جاتے ہیں مگر ان کی یاد ہمیشہ دل میں باقی رہتی ہے۔لال رنگ کے ساتھ ہی سفید رنگ بھی اپنی اہمیت کا اظہار کیے بغیر نہیں رہتا۔سفید رنگ میں جو پاکیزگی ہے۔اس کو بھی سب بہت عزیز رکھتے ہیں۔سفید رنگ کا پھول ہر نگاہ کو بھاتا ہے۔چنبیلی اور موگرے کے پھول اور ان کی خوشبو سے عجیب سی روحانیت کا احساس ہوتا ہے۔سفید رنگ پننے والے بزرگ فرشتوں کی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں۔سفید رنگ پہننے والی خواتین کے اندر پاکیزگی نظر آتی ہے۔سفید رنگ کی چاندنیاں اور فرش اور دیوار میں کشادگی اور صفائی ستھرائی کا تاثر پیش کرتی ہیں۔اب ہرے رنگ کو لے لیں ہرا رنگ ایک بھرپور رنگ ہے۔پتے اور درخت ہرے رنگ کے ہوتے ہیں۔اور ہرے رنگ پر کسی بھی قسم کا پھول کھلا ہو وہ بہت اچھا لگتا ہے۔ہرا رنگ آپ کے پورے باغ کو اپنے گھیرے میں لیے ہوتا ہے۔اور آپ اسے دیکھ کر سوچتے ہیںکہ یہ رنگ دنیا کے ہر علاقے میں باغ ہوں کے کھیت گھروں کے آنگن ہوں کے گھر ایک چھوٹا سا گملے میں لگا ہوا پودا اس رنگ کے بغیر کوئی پھول پودا مکمل نہیں ہوتا۔یہ خدا کی طرف سے دیا گیا بہترین تحفہ ہے انسانوں کے لیے اس لیے اسی رنگ میں صحتیابی کے جوہر چھپے ہوئے ہیں۔گرین پھل گرین سبزیاں ان کی اہمیت اور افادیت سے کون انکار کرسکتا ہے۔یہ رنگ زندگی ہے یہ رنگ شکر کرنے کا ذریعہ ہے کے خدا نے انسان کو اس رنگ کے ذریعے اپنے سے قریب ہونا سکھایا۔مہندی کا رنگ بھی ہرا ہوتا ہے جو دلہنوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔بالوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔یہ رنگ قدرت کا انمول تحفہ ہے دنیا کو قائم رکھنے کے لیے۔
اب آتے ہیں کالے رنگ کی طرف کالا رنگ حالانکہ بظاہر ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ اپنے کالے پن کی وجہ سے کسی کو نہیں اپنی طرف مائل کرتا۔مگر کالا رنگ ہر جگہ پوری خوبصورتی کے ساتھ نمایاں ہوجاتا ہے۔کالے رنگ کے پھول تو ہوتے نہیں ہیں۔مگر اس رنگ کو ہر جگہ استعمال میں لایا جاتا ہے تاکہ وہ باقی رنگوں کی خوبصورتی کو اجاگر کردے۔کالے پہاڑ، کالی زمین، رات کو کالا آسمان اپنی جگہ دنیا کی خوبصورت بڑھاتے ہیں۔ان رنگوں کو اپنی زندگی میں شامل کرکے ہمیشہ خوش رہیں۔
٭٭٭