سوکر نے دوسرے کھیلوں کو مات کر دیا ہے!!!

0
147
حیدر علی
حیدر علی

یورو کپ اور کوپا امریکا کے دھول دھپے کے بعد آپ یہ نہ سمجھیں کہ آپ کو کم از کم سوکر کے کھیل سے ایک سال کی فرصت مل گئی ہے، ایسا ہر گز نہیں ہے.امریکا میں سوکر کا ایک نیا ٹورنامنٹ گولڈ کپ یا ہسپانوی میںاُورو کوپا زور شور سے جاری ہے، اِس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے ملکوں میں شمالی امریکا، سینٹرل امریکا اور کیریبین کے ممالک شامل ہیں اگر آپ جغرافیہ کے مضمون میں کمزور ہیں تو اِس ٹورنامنٹ میں شامل ملکوں کا نام پہلی مرتبہ دیکھیں یا سنیں گے، مثلا”مارٹینیک، گواڈیلوپ اور سرینام جو اُورو کوپا میں شرکت کر رہے ہیں لیکن اُورو کوپا ٹورنامنٹ میں قطر کی ٹیم کو کھیلتے ہوئے دیکھ کر آپ کو یقیناتعجب ہوگا چونکہ قطر آئندہ سال سوکر کے گولڈ کپ ٹورنامنٹ کی میزبانی کا اعزاز حاصل کریگا ۔ اِسلئے وہاں کی حکومت چاہتی ہے کہ اُس کی ٹیم کی کارکردگی بہتر سے بہتر ین ہو، دنیا کے تمام ممالک اِس ضمن میں قطر کی ہر طرح کی مدد کر رہے ہیں، دنیا کے جس کونے میں بھی کوئی ٹورنامنٹ ہوتا ہے وہاں قطر کو بھی شامل کرلیا جاتا ہے، قطر کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوے گذشتہ ہفتے گریناڈا کی ٹیم کو چار گول سے شکست دی تھی، اسلئے توقع کی جارہی کہ یہ ٹیم سیمی فائنل تک پہنچ جائیگی۔ گذشتہ ہفتے امریکا اور کینیڈا کے مابین ایک مقابلے میں کینیڈا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، ویسے دونوں پھس پھسی ٹیمیں ہیں۔ویمبلی سٹیڈیم لندن میں انگلینڈ کی شکست کچھ ایسی ہی طرز کی تھی جیسے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو گذشتہ صدارتی انتخاب میں اٹھانی پڑی تھی، مطلب یہ کہ آغاز میں اُن دونوں کو فتح کے آثار نے مدہوش کردیا تھا لیکن جب آخری نتائج سامنے آئے تو اُن کی ہوائیں نکل کر رہ گئیں ، اٹلی کی سوکر ٹیم کی جیت یقینا قابل ستائش ہے، سارے اٹلی میں اُس کی ٹیم کا جس والہانہ انداز میں استقبال کیا گیا جس سے ایسا معلوم ہورہا تھا کہ اٹلی نے پینالٹی کِک سے یورو کپ نہ جیتا ہو بلکہ ورلڈ کپ جیت لیا ہو۔ کبھی ٹیم کے اراکین کو صدر اٹلی سرجیو ماٹریلا کے قرینالی پیلس میں بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کرنا پڑی اور کبھی اُنہیں وزیراعظم ماریو ڈراگی کی سولہویں صدی کے بنے ہوئے محل میں استقبالیہ کیلئے رکنا پڑا، اٹلی کی ہر شاہراہ ، ہر شہر ، ہر قصبہ اور گاؤں فتح کی نشہ میں جھوم رہا تھاتاہم دوسری جانب ویمبلی اسٹیڈیم میں اٹلی کے فینز کو میچ جیتنے پر مبارکباد دینے کی بجائے گھونسے اور لات سے نوازا گیا۔ اِس اخلاق سے گری ہوئی حرکت کی جتنی بھی مدمت کی جائے کم ہے، انگلینڈ کے گنجے گوروں کا یہ شیوہ رہا ہے کہ جب بھی وہ میچ ہار جاتے ہیں تو مخالف ٹیم کے حامیوں پر حملہ کر دیتے ہیں۔ میچ شروع ہونے سے قبل ہی اٹلی کی ٹیم کے حامیوں کے خلاف منظم طور پر ہلڑ بازی شروع کر دی گئی تھی جب اٹلی کا قومی ترانہ بج رہا تھا تو اُس وقت بھی بھو بھو کی ہوٹنگ کی جارہی تھی، میچ کے بعد جب اٹلی کے فینز سٹیڈیم سے واپس آرہے تھے اُن پر گھونسے اور لاتوں کی بارشیں کی جارہیں تھی اور یہ کہا جارہا تھا کہ وہ انگلش نہیں بول سکتے ہیں، اِسلئے وہ مار کھانے کے مستحق ہیںتاہم اٹلی کی ٹیم کے ایک فین نے جس کی ناک گھونسا کھانے بعد سرخ ہوگئی تھی ٹی وی کے نمائندے کو بتا یا کہ انگلینڈکا جب بھی اٹلی سے مقابلہ ہوتا ہے اُسے گنجے انگریزپٹائی کرتے ہیں تاہم وہ اِس خطرے کو مولتے ہوے لندن میچ دیکھنے آیا تھا، اُس نے کہا کہ وہ سوکر کے کھیل کا دیوانہ ہے اور اُس کا سابقہ اِس طرح کے لومڑیوں سے ہمیشہ پڑتا رہتا ہے ۔ انگلش کے دوسرے فین نے کہا کہ وہ انگلش بوائز سے ون ٹو ون لڑنے کو تیار ہے۔
سوکر کے میچ میں ہنگامہ آرائی یاد دلاتی ہے 1985 ء برسلز میں اٹالین اور برطانویوں کے مابین سوکر کے سُپر بال کو جس میں اٹالین کی ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دے دی تھی، انگلینڈ کی ٹیم کے حامیوں جو ہزاروں کی تعداد میں میچ دیکھنے کیلئے آئے تھے ، اُن میں سے 20 ہزار کے لگ بھگ نے اٹلی کے حامیوں کی جانب دھاوا بول دیا تھا، جس سے اسٹیڈیم میں زبردست بدنظمی پھیل گئی تھی اور ایک دیوار بھی مسمار ہوکر ہجوم پر گر پڑی تھی۔ اِس بے ضرر تشدد کے واقعہ میں 41 افراد نذر اجل ہوگئے تھے جس میں39 کا تعلق اٹلی سے تھا ، بطور سزا یو ای ایف اے نے انگلینڈ کے سارے کلبوں کو کسی بھی مقابلے میں حصہ لینے سے غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کردی تھی جو تقریبا”پانچ سال تک برقرار رہی،تازہ ترین صورتحال میں دی یونین آف یورپین فٹ بال ایسوسی ایشنز نے انگلش فٹ بال ایسوسی ایشن کو ایک سنگین چارج شیٹ کا پروانہ تھمادینے میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہیں کیا ہے اور فائنل میچ میں شکست کے بعد انگلش ایسوسی ایشن کو ایک نہیں بلکہ دو طوفانوں سے براہ راست واسطہ پڑ گیا ہے۔ چارج شیٹ کے نکات انگلش فٹ بال ایسوسی ایشن کے خلاف درج ذیل ہیں۔
(1) انگلینڈ کی ٹیم کے حامیوں کی جانب سے ویمبلی اسٹیڈیم کے میدان پر حملہ. 2 (حامیوں کی جانب سے کھیل کے میدان پر مختلف کوڑے کرکٹ کا پھینکنا.(3 اٹلی کے قومی ترانے کے دوران انگلینڈ کے حامیوں کی جانب سے ہوٹنگ اور شور و غل کرنا. (4 انگلینڈ کے حامیوں کی جانب سے اسٹیڈیم میں آتش بازی کا مظاہرہ کرنا، مذکورہ بالا سنگین الزامات کی وضاحت مانگنے کے علاوہ یو ای ایف اے نے ایک علیحدہ ڈسیپلنری انسپکٹر کو تعینات کیا ہے جو اِس بات کی تحقیقات کرے گا کہ کن عناصروں نے اٹلی کے حامیوں کو اسٹیڈیم کے اندر اور باہر زدو کوب کا نشانہ بنایا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here