کراچی (پاکستان نیوز) ڈالر نے پاکستانی روپے کو مکمل طور روند ڈالا، امریکی کرنسی کی قیمت 159 روپے کی سطح بھی عبور کر گئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق انٹر بینک میں بدھ کو بھی روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں اضافے کا رجحان رہا جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر پاکستانی روپے کی قدر کو گراتا ہوا159روپے کی بلند سطح سے تجاوزکر گیا۔ بتایا گیا ہے کہ بدھ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں25پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 158روپے سے بڑھ کر158.25روپے اور قیمت فروخت158.10روپے سے بڑھ کر 158.35 روپے ہو گئی۔ اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر40پیسے مہنگا ہو گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 158.30روپے سے بڑھ کر158.70روپے اور قیمت فروخت158.70روپے سے بڑھ کر159.10روپے ہو گئی۔ بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے آغاز کے بعد کئی ماہ تک ملکی کرنسی مارکیٹ میں مسلسل بہترین کارکردگی دکھانے والا پاکستانی روپیہ اب چند ہی ہفتوں میں بدترین تنزلی کا شکار ہوگیا۔ چند ہفتے قبل پاکستانی روپے کی قدر 2 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، تاہم اب یہی پاکستانی روپیہ ایشیاء کی بدترین کرنسی بن گیا ہے۔ پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت کئی ماہ کی بلند ترین سطح پر آگئی ہے۔