مولویوں کی بدنامی!!!

0
133
Dr-sakhawat-hussain-sindralvi
ڈاکٹر سخاوت حسین سندرالوی

قارئین مولوی معاشرے کا وہ پسا ہوا طبقہ ہے جسکا استحصال برصغیر خاص طور پر پاکستانیوں میں فرض منصبی سمجھ کر کیا جاتا ہے۔ مجھے اب سمجھ میں آیا کہ میں مولوی بننے سے کیوں گریزاں تھا؟ اور جس دن میں مولوی بنا اس دن میری والدہ کو افسوس کرنے کیلئے رشتہ دار عورتیں کیوں آئی تھیں ؟ اسلئے کہ پاکستان میں مولوی کو کمی یا شودر سے کم نہیں سمجھا جاتا ہے۔ آپ کسی اعلیٰ خاندان سے کیوں نہ ہوں آپ کو مسلی موچی یا مراثی کہہ کر پکارا جائیگا۔ مولوی کو ماں بہن کی گالی ہماری قوم کے اکثر افراد اپنا پیدائشی حق سمجھ کر دیتے ہیں۔ مولوی پر الزام لگ جائے تو اسکی کوئی نہیں سنتا سارے ایکا کرکے اسکے خلاف نبرد آزما ہو جاتے ہیں۔ ابھی حال ہی میں لاہور کے ایک مفتی کی ویڈیو لیک ہوئی ہے۔ ایسے مفتیوں کو حدود جاری کر کے ڈھیر کر دینا چاہئے بلکہ انہیں مفتی بننا ہی نہیں چاہئے، بن بھی جائیں تو ایک نظام ہونا چاہئے جو انکی کردار سازی کو مانیٹر کرے۔ بشرط ثبوت جرم ! سزا نہ دینے کے سبب یہ حرکات ہو رہی ہیں مگر ہمارے کپتان نے شریعت کے ساتھ بھی میچ ڈال رکھا ہے بلکہ مذاق بنا رکھا ہے کبھی کہتے ہیں ایسوں کو نامرد بنا دینگے کبھی کچھ ،کبھی کچھ ، یہ یا اسکے مماثل جرائم اور شعبہ ہائے حیات میں بھی ہوتے ہیں مگر انکی نہ ویڈیوز لیک ہوتی ہیں نہ ہی مقدمے درج ہوتے ہیں،نہ میڈیا حرکت میں آتا ہے۔اگر کسی ایک مولوی کی کوئی حرکت سامنے آتی ہے تو اسے نہ فقط اچھالا جاتاہے بلکہ ہر مولوی کو ایسا مشہور کیا جاتا ہے۔ ایک فرقے کے بعد دوسرے فرقہ کو بدنام کرنے کیلئے فرضی ایف آئی آر لائی جاتی ہے اور مسترد مقدمہ کے سات واقعات گھڑے جاتے ہیں جبکہ مارچ میں کورٹ اس کیس کو خارج کر چکی ہے اور جون میں اس جعلی کیس کو پھر سے سوشل میڈیا پر اچھالا جاتا ہے تاکہ فرقوں کی بدنامی میں توازن ہو سکے۔ یزیدی فکر کے لوگوں میں ایسی جنسی بے راہ روی کی حرکتیں عام رہی ہیں مگر سچے حسینی مسلمانوں میں بشمول شیعہ و سنی ایسی حرکات نہ تھیں اور نہ ہونگی۔ یزیدیوں کے جرائم پر پردہ ڈالنے کیلئے شریفوں کو بدنام کیا جاتا ہے۔ ایسے جرائم دیگر ممالک میں بھی ہوتے ہیں مگر ایسے ا چھالے نہیں جاتے۔ جیسے صاحبان بہادر پاکستانی پدر مادر آزاد معاشرے میں گند اُچھال رہے ہیں۔ قوم لوط پر گندھک کے آسمانی پتھر برسے۔ وہ مر گئے ،تباہ کر دیئے گئے، اسکی سزا موت کی سزا ہے، قرآن میں سزا معین ہے مگر ہمارے پاکستان میں کسی مجرم کو سزا تو ملتی ہی نہیں ہے۔ جو ریپ کے سینکڑوں واقعات ہوئے ان مجرموں کو کب سزا دی گئی ؟ صبح شام سوشل میڈیا پر جو جنسی تشدد اور بے راہروی کے نتیجہ میں قتل ہوتے ہیں کتنے مجرموں کو سزا ملی ہے ؟ ایک سوال اُٹھا ہے کہ جن شیعہ عالم کی عزت خاک میں ملائی گئی اس کا مداوا کیسے ہوگا؟ مجرم کا جرم چھپانا اتنا ہی جرم ہے جتنا بے گناہ کو مجرم بنانا۔ہمارے ملک میں جنگل کا قانون ہے۔ میں پیش گوئی کر رہا ہوں کہ جس مولوی مفتی کو پکڑا گیا ہے اسے جلد رہا کر دیا جائیگا۔ اسلئے کہ ایجنسیوں کو مولویوں سے بدلہ لینا تھا وہ لے لیا۔ ہم جنس پرستی ہو یا ایڈلٹری اسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے تاہم اس گند کو اُچھالنا اور زیادہ مذمت کے قابل ہے۔ اس تشہیر کا ہدف یہ تھا کہ لوگ علماء سے نفرت کرینگے تاکہ نقصان قوم کا ہو اور ان کو اتنا بدنام کردو کہ گھروں میں قرآن و حدیث کی بجائے انڈین گانے، فلمیں اور بے راہ روی کی موویز چلیں۔ اگر کوئی ڈاکٹر آپریشن غلط کردے تو علاج انجینئر سے نہیں کرایا جاتا اور کوئی آرکیٹیکٹ نقشہ غلط بنادے تو عمارت سی پی اے سے نہیں بنوائی جاتی۔ عالم اگر نیک ہو تو نیک اعمال کرتا ہے ، برُا ہو تو بہکے یہودیوں کی مانند گدھا ہوتا ہے۔ مگر بدکار ملا بہت ہی کم ہیں گیہوں کی ساتھ گھن کو نہ پیسیں اور سوشل میڈیا پر مولوی کے نام کو بدنام نہ کیجئے آپ کے بچے کے کان میں اذان سے لیکر تدفین میت تک مولوی کے بغیر گزارا نہیں ہے۔ نکاح و طلاق ہو یا جنازہ و جمعہ جماعات ، رمضان سروسز ہوں یا محرم وصفر کی مجالس یا تعزیتی جلسے ، تعلیم قرآن ہو یا فاتحہ و درود یا خوشی غمی ہم مولوی کے بغیر گزارا نہیں کرسکتے ۔ آپ کو یاد ہوگا کہ ایک زمانہ میں ایسے سکینڈلز پادریوں کے بنتے تھے مگر عیسائی سمجھ گئے کہ اس سے انکے مذہب کی توہین ہو رہی ہے۔ تو اب یہ سلسلہ رک گیا ہے تاہم مسلمانوں اور خاص طور پر پاکستانیوں میں یہ اس وقت یہ بام عروج پر ہے۔ میں ساری زندگی کردار کی بابت بہت سخت سخت رہا ہوں اور رہوں گا تاہم تشییع فاحشہ اور تہمت کے اتنا ہی خلاف ہوں جتنا ان جنسی جرائم کے خلاف، مجرموں کو سزا دی جائے اور دادا گیروں کو یہ حق نہ دیا جائے کہ وہ شرفاء پر تہمتیں لگاکر انہیں بد نام کریں۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here