فزکس کے امریکی سائنسدان رچرڈ فائینمن جنہوں نے اپنے کام کوانٹم الیکٹروڈائنامکس کی بدولت 1965 میں نوبل پرائز جیتا کہتے ہیں کہ کسی بھی چیز کو یاد کرنے کے لیے اس کو آسان کرنا لازم ہے کوئی بھی سبق اگر آسان کر کے پڑھا جائے تو وہ تا عمر یاد رہتا ہے ،بابا صاحب اشفاق احمد کہا کرتے تھے کہ آسانیاں بانٹو گے تو اللہ آسانیاں پیدا کرے گا، عمران خان کہتا ہے کہ مخلوق خدا کے لیے آسانی پیدا کرنے سے اللہ کی رحمت اترتی ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ دُکھ تکلیف میں کسی کے لیے آسانی پیدا کر دی جائے تو اس سے بڑی نیکی اور کیا ہو گی؟ سوچیں جب کھانے کے لیے پیسے نہ ہوں اور کوئی مصیبت آ جائے مصیبتوں میں جسمانی مصیبت سب سے زیادہ تکلیف دہ ہوتی ہے ،سیانے کہتے ہیں کہ تندرستی ہزار نعمت ہے اگر صحت نہیں تو کچھ بھی نہیں زندگی بیکار لگتی ہے اکتاہٹ ہو جاتی ہے ایسے میں کوئی آسانی پیدا ہو جائے تو، سبحان اللہ! نئے پاکستان میں پنجاب حکومت نے اس مشکل وقت میں آسانی پیدا کی ہے انصاف ہیلتھ کارڈ کا اجرا کر کے جسکا افتتاح عمران خان کے دست مبارک سے کروایا گیا ،اس وقت جب عمران خان کی ماں شوکت خانم کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھی، تکلیف میں تھی اور زندگی کی آخری سانسیں گن رہی تھی، عمران خان کے اندرونی کرب کا ندازہ لگائیں وہ جانتا تھا کہ کہ وہ صاحب حیثیت ہے کینسر کی مہنگی بیماری کا علاج کروا سکتا ہے جس کے لیے وہ انگلینڈ تک گیا مگر جن کی اتنی پہنچ ہی نہیں اور وہ ایک چھوٹی سی بیماری میں تڑپتے ہوئے جان دے دیتے ہیں ان پر یا انکے خاندان پر کیا گزرتی ہو گی؟ اسی سوچ نے لاہور میں شوکت خانم کینسر ہسپتال بنوایا جہاں غریب مریضوں اور انکے خاندانوں کے لیے آسانیاں بانٹی جاتی ہیں، اسی سوچ نے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں انصاف ہیلتھ کارڈ کا اجرا کروایا اور اب پنجاب میں انصاف ہیلتھ کارڈ بھی غریب عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرے گا، سوچیں غریب کی حالت کہ جب وہ بیماری کی وجہ سے محنت مزدوری کرنے کے قابل نہ رہے اس پر اور اسکے خاندان پر کیا گزرتی ہو گی؟ کیسے بچوں کا پیٹ بھرتا ہوگا اگر اسکے لیے کچھ آسانی ہو جائے تو اس کے دل سے دعا نکلے گی اللہ کی رحمت ضرور اترے گی ۔پنجاب کے ہر غریب خاندان کے لیے سات سے دس لاکھ تک سالانہ ہیلتھ کوریج جہاں سے چاہے علاج کروائے تندرست و توانا ہو کر اپنے بچوں کی کفالت کرے انکے لیے آسانیاں پیدا کرے ،کرونا کے عذاب سے جہاں پوری دنیا میں کٹھن وقت ہے ،دنیا بھر میں مہنگائی زوروں پر ہے، وہاں چھوٹی سی آسانی بھی اگر کوئی کر جائے تو غنیمت سمجھیں کجا ہیلتھ انشورنس کا اجرا، اللہ ہم سب کیلئے آسانیاں پیدا کرے ۔
٭٭٭