ویلڈن علامہ ویل ڈن راجہ عابد

0
157
مجیب ایس لودھی

قارئین آپ اس امر سے بخوبی آگاہ ہیں کہ میں صحافت میں دیانت داری، غیر جانبداری، امانت و دیانت ،شرافت و حمیت اور وجاہت و وقار کو ہمیشہ ترجیح دیتا ہوں اسی لیے اللہ پاک کے کرم سے اور آپ قارئین کی مہربانیوں سے نارتھ امریکہ کا سب سے بڑا اخبار نکالتا ہوں ،سیاست ،صحافت ،سماج اور مذہب میں ہمیشہ توازن رکھا ہے اگر اہل سنت کے مفتی عبدالرحمن قمر ادارتی صفحے کے کالم نگار ہیں تو اہل تشیع کے جید عالم علامہ سخاوت حسین سندرالوی بھی مستقل کالم نگار ہیں،میں بلاوجہ کسی کی تعریف کرنے کا بالکل قائل نہیں ہوں مگر مثل مشہور ہے جادو وہ جو سر چڑھ کربولے ،میں نے اپنی زندگی میں سندرالوی صاحب جتنا بڑا عالم موثر خطیب اور حاضر جواب نہیں دیکھا، میں پیدائشی اہل سنت ہوں اور علامہ پیدائشی شیعہ ہیں جس طرح امریکہ کی سرزمین کو علامہ نے اپنی فہم و فراست سے فتح کیا ہے اور اہل تشیع کو مین اسٹریم میں داخل کیا ہے اس کا جواب نہیں ہے ۔ ابھی یوم علی رضی اللہ عنہ کے جلوس و مجلس کے موقع پر صرف 20 منٹ کی تقریر نے ہزاروں کے مجمعے کو ہلا کر رکھ دیا اور میرا بنایا ہوا کلپ سوشل میڈیا پر 16 لاکھ لوگ دیکھ چکے ہیں جو کہ نامکمل تقریر تھی ۔ آپ اسی سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ اس شخص کی ریسرچ میں کتنی گہرائی ہے ۔ اڑھائی اڑھائی منٹ کے دو کلپ اس وقت پوری دنیا کے سوشل میڈیا کے اوپر چھا چکے ہیں ۔ اس بار یوم علی رضی اللہ عنہ کے جلوس کی شان ہی کچھ الگ تھی، اس کی بڑی وجہ جعفریہ کونسل اور جعفریہ یوتھ کی محنت اور جلوس کی مخال میں پوسٹ پر علامہ کا ردِعمل والا کلپ اور شیعانِ علی کا خلوص تھا ۔ بدقسمتی سے کسی شرارتی نے جلوس کا ماحول خراب کرنے کے لیے معصوم بچوں کے ذریعے کچھ قابل اعتراض پوسٹر تقسیم کرائے ۔ اہل تشیع کا فرض ہے ایسے شخص یا اشخاص کو بے نقاب کریں تاکہ آئیندہ جلوسوں کا ماحول خراب نہ ہو۔ میں اپنی طرف سے اور اپنے اخبار کی طرف سے راجہ عابد حسین ، راجہ عمار یاسر اپنے قریبی دوست چوہدری محمد رضا گجر، یونس شاہ، زین بخاری، ڈاکٹر حیدر نقوی ودیگر انتظامیہ کا مجلس اور جلوس کا بہترین انتظام کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں ،میں کالج اور یونیورسٹی سے کے زمانے سے اہل تشیع سے بہت متاثر ہوں اور نیاز امام جعفر صادق سے لیکر مجالس عزا اور جلوسوں تک میں شیعہ دوستوں کے ہمراہ شانہ بشانہ شریک رہا ہوں جن میں جعفر نقوی آف اسلام آباد اور اسد عابدی آف کراچی سرفہرست ہیں۔ یہ ہی روش نیویارک میں بھی تین دہائیوں سے زیادہ سے جاری و ساری ہے ،میں ہمیشہ عزاداروں کا ساتھ دونگا وہ اور ہم ملکر دشمنان عزاداری کا محاسبہ کریں گے، ہمارے مذہب میں فرقہ واریت اور ایک دوسرے کے ایمان پر انگلیاں اٹھانے کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے،حضوراکرم ۖ نے فرمایا کہ کسی گورے کو کسی کالے اورکسی کالے کو کسی گورے پر کوئی فوقیت نہیںسوائے اعمال کے، ہمیں اپنے اعمال سے ہی اپنی فوقیت ثابت کرنا ہوگی،مقدس محفل کے دوران قابل اعتراض پوسٹرز کی تشہیر قابل مذمت اقدام ہے بطور مسلمان ہمارا ضمیر کیسے گوارا کر سکتا ہے کہ مقدس ہستیوں کے ذکر کا جلوس ہو اور ہم اس کے دوران قابل اعتراض پوسٹرز تقسیم کرنے یا کرانے کی جرات کریں،میں نے اپنی صحافتی زندگی میں ہمیشہ سچ اور حق کے ساتھ کھڑے ہونا سیکھا ہے اور اللہ تعالیٰ کے کرم سے ہمیشہ سچ اور حق بات ہی بیان کرنے اور لوگوں کو آگاہی دینے کی کوشش کی ہے،ہم سب مل کر اس نفرت انگیزی کا خاتمہ کریں گے، ویلڈن علامہ ویلڈن راجہ عابد۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here