واشنگٹن(پاکستان نیوز) صدر جوبائیڈن نے اس ہفتے دوسری بار کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر تمام احتیاطی تدابیر ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 79 سالہ امریکی صدر جوبائیڈن ایک ہفتے قبل کورونا میں مبتلا ہوگئے تھے اور تمام مصروفیات منسوخ کرکے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔ صدر جوبائیڈن ڈاکٹرز کی ایک ٹیم کی نگرانی میں زیر علاج رہے اور اینٹی وائرس کا کورس بھی مکمل کیا جس کے بعد رواں ہفتے دو بار کورونا ٹیسٹ کرائے گئے جو منفی آئے۔ دو بار کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر امریکی صدر کے ڈاکٹرز نے احتیاطی تدابیر ختم کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک دو روز آرام کے بعد اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرسکتے ہیں۔ صدر جوبائیڈن نے صحت یاب ہونے کی خبر ٹوئٹر پر شیئر کی اور اپنے معالجین کا خصوصی طور پر شکریہ بھی ادا کیا۔ خیال رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کو قرنطینہ کے دوران جسم میں آکسیجن کا لیول برقرار رکھنے کے لیے دن میں دو تین بار مصنوعی طریقے سے آکسیجن فراہم کی جا رہی
تھی۔