گزشتہ سے پیوستہ!!!
عشرہ محرم الحرام کے دوران خطبا ومقررین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اشتعال انگیز تقاریر سے گریز کریں۔ (جاری ہے)
جرائد ورسائل میں قابل اعتراض مواد شائع نہ کریں ۔ نوجوان جذبات کے ساتھ ساتھ حقائق بینی اپنائیں ۔ مملکت خدا داد میں فرقہ پرستوں نے مسجدوں میں نمازیوں کے قتل عام کا سلسلہ ابھی جاری رکھاہوا ہے۔ ارباب حکومت کے فرائض میں شامل ہے کہ دوران محرم امن وامان کو اپنی ترجیحی بنیادوں میں شامل رکھیں عشرہ محرم الحرام کی مجالس میں کیونکہ تمام فرقے شرکت کرتے ہیں۔ لہذا اتحاد اسلامی کیلئے یہ بہترین پلیٹ فارم ہے ۔نواسہ رسول نے عشق توحید میں روضہ رسول کاجوار چھو ڑدیا تاکہ مدینہ میں قتل عام نہ ہو اسی لئے حج کے احرام کو عمرے میں بد ل کر جوارِ خانہ کعبہ سے بھی کوچ کر لیا کیوں کہ بعض لوگ حاجیوں کے لباس میں امام حسین کو قتل کرنے آئے تھے ۔محرم الحرام میں جہاں امام حسین کے قافلے کی تیاری کا ذکر ہوگا وہیں آپ کے وفادار اعوان وانصار کا تذکرہ بھی ہو گا ۔ دنیا میں امام عالی مقام کی مصبیت پر غم منانے والے پہلے شخص صحابی رسول عروہ غفاری ہیں جن کی کانوں کی سماعت اتنی کمزور تھی کہ بادلوں کی گھن گرج تک نہ سن سکتے تھے۔ ان کی زوجہ کہتی ہیں کہ 28 رجب کی رات کے پچھلے حصے میں بستر پر اٹھ کر بیٹھ گئے اور حیرت سے کہنے لگے کہ میں تو کچھ سن نہیں سکتا مگر میں دیر سے محسوس کررہاہوں کہ کچھ بیبیاں زار وقطار رو رہی ہیں۔ ان کی زوجہ نے عرض کیا !کہ علی وبتول کی بیٹیوں کے رونے کی آوازیں ہیں اس لئے کہ خاندان رسول مدینہ چھوڑ رہا ہے۔ گویاخاندان رسول کی مصیبتوں پر افسوس سیرت صحابی رسول بھی ہے ۔ صحابہ کرام کے بہی خواہوں کو ذکر امام حسین میں شرکت ضرور کرنی چاہیے ۔ ویسے بھی یزید صرف اہل بیت کے قتل کا سبب ہی نہیں بلکہ صحابہ کرام کا بھی قاتل ہے ۔کربلا اگر صرف دکھ بھری داستان ہوتی تو شائد اتنی دیر پا نہ ہوتی یہ انسانیت کی ہدایت کی عظیم ترین یونیورسٹی بھی ہے۔ جس سے شش ماہ بچے سے لیکر نوے () سالہ بوڑھے تک کے لئے کورس موجود ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ چودہ صدیوں میں پڑھی سنی جانے والی داستان جب بھی دھرائی جاتی ہے تو اس میں نیا جوش وولولہ ہوتا ہے۔ عزم واستقلال ،ایثار ووفا، ہمت وصلاحیت، جذبہ وطاقت ،جہاد واصلاح ،شرافت ودیانت ،غیرت وحمیت اور ربط خالق ومخلوق کا وہ جوش لہو میں کھولتا ہے کہ انسان خود کو ہیچ سمجھ کر دین کو سب کچھ سمجھنے لگ جاتا ہے۔ محرم الحرام میں شہادت عظمی کے ہر پہلو کو اجاگر کیا جائے ۔ کربلا نے کالے گورے، عربی عجمی،امیرو غریب اور آقا وغلام کے امتیاز مٹادئیے ۔اہرام مصر سے بابل و نینوا تک ۔ موہنجودڑو سے ھڑپہ وٹیکسلا تک،اردن میں اصحاب کہف کی غار سے لے کر طور و نیل تک، آثار قدیمہ کی تاریخ پھیلی ہے مگر ایسے اوراق نادرہی کسی کے صفحہ قرطاس پر رقم نہیں جیسے کربلا کی دھرتی پر رقم ہیں ۔ عشرہ محرم میں جہاں امام حسین جیسے سردار نوجوانان بہشت کا ذکر ہوگا وہیں جون جیسے حبشی غلام کو بھی یاد کیا جائے گا۔ ہر امام بارگاہ میں ایک روز حر کے ذکر سے مختص ہوتا ہے تاکہ لوگوں کو توبہ کی کشتی پرسوار ہونے والے چند گھنٹوں کے مہمان کی عظمت کا بھی احساس ہو۔ صحابی رسول حضرت حبیب بن مظاہر، مسلم بن عوسجہ ۔ زہیر ابن قین کا تذکرہ خصوصیت سے ہوتا ہے ۔
وہب کلبی جو تازہ مشرف بہ اسلام ہوا تھا۔ اسکا تذکرہ بھی ہوتا ہے اورظاہر ہے اما م عالی مقام کے اہل بیت سرکار غازی عباس ۔ حضرت علی اکبر ، حضرت علی اصغر حضر ت عون ومحمد حضرت قاسم حضرت عبداللہ ابن حسن اولاد عقیل اولاد جعفرطیار وغیرہ کا ذکر خصو صیت سے ہوگا۔ ابن عابس شاکری ۔ بریر ہمدانی، نافع بن ہلال جیسے شہدا کی سیرت کے پہلو اجاگر ہونگے کربلا میں ظالم ظلم سے تھک گیا مگر صابر صبر سے نہیں تھکا ایسے افراد جو ماتم نہیں کرتے انہیں میں نے تبرک تقسیم کرتے ہوئے دیکھا ہے یہ بھی ایک عقیدت کا رنگ ہے ۔
امام حسین نے کیونکہ ذھنیتیں بدل دی ہیں فکروں کو انقلاب بخشا ہے قوموں کو حیات دی ہے اس لئے غم حسین کسی مذہب یا فرقے سے مختص نہیں ہے۔ بلکہ ہر مذہب وقوم میں ذکر حسین کارواج ہے۔ حتی کہ جنوں میں بھی ذکرِ امام حسین کا بہت رواج ہے ۔ راقم الحروف نے امریکہ کے ڈائون ٹانز سے لے کر افریقہ کے جنگلوںتک یورپ کے کلیسائوں کے پڑوس سے لیکر حجاز مقدس کی مساجد کے جوار تک ۔ ترک وفارس کے تکیہ جات سے لیکر شام وامارات کے حسینیہ جات تک ایران کے عزاخانوں سے لے کر عراق کے حوائر تک ۔ حیدر آباد دکن کے شاہی عاشور خانوں سے لیکر سندھ کے جھگی نشینوں تک ۔ کینڈا کے برف پوش کہساروں سے لے کر سبی کی آگ برساتی وادیوں تک ۔ یوپی کے قدیمی امام بارگاہوں سے لے کر پنجاب کے کھلے امام باڑوں تک اپنی آنکھوں سے شہدائے کربلا کی یاد کے وہ مناظر دیکھے ہیں کہ کبھی کبھی غیر شعور ی طور پر سوتے میں یا حسین کی آواز نکل جاتی ہے ۔
کربلا والوں نے ہمیں نامساعد حالات میں بھی دین پر چلنا سکھایا ۔ذرائع ابلاغ کو چاہیے کہ وہ امام عالی مقام کی فکر کو عام کریں ۔ محذرات عصمت نے واقعہ کربلا کو کربلا کے ریگزاروں میں دفن نہیں ہونے دیا اسی طرح ہماری خواتین مردوں سے بڑھ کر مجالس حسین میں حصہ لیتی ہیں اللہ سب حضرات وخواتین کو جزائے خیر مرحمت فرمائے۔
اس سال کا محرم بہت سارے چیلنجز لے کر آ رہا ہیاور امت مسلمہ کو ایام محرم میں خاطر خواہ جدوجہد کی اشد ضرورت ہے۔اولا امت محمدیہ کے درمیان وحدت و اتحاد ، مفاہمت و یگانگت اور عفو و درگزر کو رواج دینا ہوگا۔دوسروں پر فتوے لگانے کی بجائے اپنے گریبانوں میں جھانکنا ہوگا۔کربلا والوں کے پیغام کو نعروں تک محدود نہیں کرنا ہوگا بلکہ ان کے ایثار کو مشعل راہ قرار دے کر طاغوت سے نجات حاصل کرنی ہوگی۔ثانیا اس مقدس انسٹیٹیوٹ کو ذاتی یا خاندانی ، فروعی یا علاقائی مفادات سے ہٹ کر اجتماعی ، آفاقی اور دینی مفادات کے لئیذریعہ سمجھنا ہوگا۔ثالثا بیت المقدس، کشمیر، یمن اور نائجیریا کی مظوم عوام کی داد رسی کے لئے تحریک چلانی ہوگی۔رابعا سوشل میڈیا ، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعہ امام حسین اور شہدائے کربلا کی قربانی کے فلسفے کو اجاگر کرنا ہوگا۔خامسا کربلا کے انسٹیٹیوٹ کو بدعقیدتی ، بدعملی ، کج فکری، ہٹ دھرمی ، بد اخلاقی ، بدگفتاری،ظلم و تعدی اور لادینیت کو جڑ سے اکھاڑ پھیکنے کے لئے استعمال کرنا ہوگا۔ محرم کے اختتام پذیر ہوتے ہی چہار دانگ عالم میں حسینیت کی خوشبو پھیل گئی اور یزیدیت کا تعفن ختم ہوگیا تو سمجھیں کے ہم کامیاب ہو گئے۔
شاعر نے سچ کہا تھا
مظلوم سے الفت پیدا ہو آثار یزیدی مٹ جائیں
اس واسطے تیرے درد بھرے حالات سنائے جاتے ہیں
اللہ کریم امام حسین ، شہدائے کربلا اور اسیران کوفہ و شام کے صدقے میں ہم سب کو کربلا سے انفارمیشن اور ریفارمیشن کی توفیق خیر عطا فرمائے۔اور ہمارے ہر قول و فعل میں تضاداور انا ختم فرما کر للہہیت اور تقرب الہی کا جذبہ موجزن فرمائے۔
این دعا از من و از جملہ جہان آمین باد
٭٭٭