سرینگر(پاکستان نیوز) یونیورسٹی آف سٹین فورڈ نے دنیا کے ا علیٰ ترین سائنسدانوں کی فہرست تیار کی ہے جس میں کشمیر کے دو میڈیکل ریسرچر ڈاکٹر ایم ایس کھورو اور ڈاکٹر پرویز اے کول شامل ہیں۔ معدے اور آنتوں کے نامور معالج ڈاکٹر محمد سلطان کھورو نے گیسٹرو انٹیرالوجی اینڈ ہیپاٹالوجی شعبہ میں دنیا کے اعلیٰ ترین دو فیصد سائنسدانوں کی فہرست میں جگہ پائی ہے۔ ان کی رینک 357 اور ٹاپ فیصد 0.467470409 ہے۔ وہ سوپور میں پیدا ہوئے ، ڈاکٹر کھورو نے اپنا پہلا ریسرچ پیپر 1974 میں لکھا تھا۔ ہیپاٹائٹس ای اور اس بیماری کے وائرس کی کھوج نے انھیں عالمی شہرت بخشی۔ڈاکٹر محمد سلطان کھورو نے 176 ریسرچ پیپر لکھے جو میڈیکل سائنس کے مشہور اور مستند جریدوں میں شا ئع ہوتے رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد سلطان کھورو نے اس خبر پر خوشی کا اظہار تو کیا لیکن اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ مقبوضہ کشمیر کے صرف دو محقق اس فہرست میں شامل ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں ریسرچ پر زیادہ دھیان دینے کی ضرورت ہے ، فہرست میں شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں شعبہ پلمونری میڈیسن کے سربراہ ڈاکٹر پرویز اے کول بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹر پرویز کول کی عالمی رینک 1384 دکھائی گئی ہے۔ ڈاکٹر پرویز اے کول نے اس کامیابی پر کہا کہ وہ خوش ہیں ، لیکن انھیں اصلی خوشی تب ملے گی جب جموں و کشمیر کے نوجوان زیادہ سے زیادہ تحقیق میں دلچسپی لیں۔